’’گرینڈ اوورسیز کلب‘‘نے یو اے ای کا51واں قومی دن منایا،سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں یوم الوطنی کا کیک کاٹا گیا
سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متحدہ عرب امارات کی مدد کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا
امارات کی تعمیر و ترقی پاکستانی عوام اور قیادت کیلئے مشعل راہ ہے،ملک منیر اعوان
دبئی (طاہر منیر طاہر) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی سربراہی میں قائم اوورسیز پاکستانیوں کے فورم’’گرینڈ اوورسیز کلب‘‘نے یو اے ای کا 51 واں قومی دن منایا اور اماراتی قیادت کو لازوال ترقی پر خراج تحسین پیش کیا اور اماراتی عوام کومبارکباد دی۔
گرینڈ اوورسیز کلب امارات کے عہدیداروں نے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں یوم الوطنی کا کیک کاٹا۔ جشن نیشنل ڈے امارات کی تقریب میں چوہدری محمد سرور نے اماراتی قیادت کو سراہا اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متحدہ عرب امارات کی مدد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
چوہدری محمد سرور نے گرینڈ اوورسیز کلب کی سیلاب زدگان کیلئے امدادی و فلاحی کاوشوں کو بھی داد دی اور بتایا کہ دو ارب روپے کی امداد سیلاب زدگان تک پہنچائی۔ انھوں نے بتایا کہ گرینڈ اوورسیز کلب کے تحت ایک لاکھ رضا کاروں نے سیلاب زدگان کی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
رضا کاروں نے ڈیڑھ لاکھ راشن پیک سیلاب زدگان کو تقسیم کئے جبکہ بیس ہزار افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ’’گرینڈ اوورسیز کلب‘‘ متحدہ عرب امارات کے صدر ملک منیر اعوان نے سیلاب زدگان کیلئے کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اماراتی قیادت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے مشکل وقت میں دل کھول کر پاکستان کو مدد فراہم کی۔
ملک منیر اعوان نے کہا کہ امارات کی تعمیر و ترقی پاکستانی عوام اور قیادت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ پاکستانی حکمران طبقے کو متحدہ عرب امارات کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کو مشعل راہ بنانا چاہئے۔
ملک منیر اعوان نے کہا کہ امارات نے ترقی کے جو اصول و ضوابط بنائے ہیں ان پر عمل کرکے پاکستان بھی ترقی کرسکتا ہے۔سینئر نائب صدر گرینڈ اوورسیز کلب امارات اور پاکستان ہاکی کے سابق اسٹار جعفر حسین، یاسر تنولی، نیاز علی جدون، فضل امین یوسف زئی، راجہ خالد محمود، عمر بلوچ، رائے شیر علی کھرل، نوید احمد اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔