سفارتخانہ پاکستان فرانس میں یوم یکجہتی کشمیرکی تقریب،پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کی بھرپور شرکت

0

پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے،سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد

پیرس(رپورٹ:سلطان محمود )سفارت خانہ پاکستان پیرس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پرصدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہء کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کے عزم اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے مسئلہء کشمیرکو اُجاگرکرنے کے لیے ادا کیے جانے والے فعال کردار کو سراہا۔اس موقع پر سفارت خانہ میں ایک تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیاگیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی تصاویر کو آویزاں کیا گیاتھا۔

بعد ازاں، پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے ارکان نے گار ڈی لیست سے پلاس ریپبلک تک ایک احتجاجی ریلی میں شرکت کی جس میں مظاہرین نے بینرز، پلے کارڈز اور تنازعہ کشمیرسے متعلقہ تصاویراُٹھا رکھیںتھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!