انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام

0

کویت(محمد عرفان شفیق)انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے 17 رمضان المبارک راجدہانی پیلس خیطان میں پاکستانی کمیونٹی اور PTI کارکنان کے لیے گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں کویت میں مقیم ممتاز و معروف کاروباری وسماجی شخصیات، ڈاکٹرز، انجینئرز اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت قرآن کریم کی سعادت قاری طلعت شریف نے حاصل کی، مختصر پروگرام کی نظامت تحریک انصاف کویت کے سینئر رہنما محمد فیصل نے کی۔ انہوں نے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت (پی ٹی آئی کویت چیپٹر) کے صدر پیر امجد حسین، اخلاق ملک سرپرست اعلی، محمد عتیق الرحمٰن سینئر وائس چیئرمین، خالد امین سیکرٹری فنانس، ناصر سیفی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، محمد طاہر بشیر چیف آرگنائزر، فخرزمان خان سیکرٹری یوتھ، عامر روشن سیکرٹری انفارمیشن اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے جملہ اراکین کی طرف سے تمام مہمانوں کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ ان کی تشریف آوری پر شکریہ بھی ادا کیا۔

بوقتِ افطار قاری طلعت شریف نے پاکستان کی تعمیروترقی اور استحکام و خوشحالی کیلئے خصوصی طور پر دعا فرمائی۔ افطار اور بعد از نمازِ مغرب تقریب کے دوبارہ آغاز پر محمد فیصل نے معروف کاروباری و سماجی شخصیت عبیدالرحمٰن آرائیں کو دعوت خطاب دی جس پر اُنہوں نے کہا کہ "ہم نے اسی دنیا میں رہنا ہے اگر ہم اپنی قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں تو دوسری قوموں کو کیا منہ دکھا سکتے ہیں”۔

انہوں نے پاکستان کی موجودہ صورتحال بیان کرتے ہوئے گہرے دکھ و کرب کا اظہار کیا۔اس کے بعد عزت مآب سفیرِ پاکستان ملک محمد فاروق کو دعوت خطاب دی جس پر اُنہوں نے کہا کہ کویت پاکستانی کمیونٹی ایک منفرد اور ایکٹو کمیونٹی ہے اور پاکستانی قوم کی یہ خوبی ہے کہ وہ مشکل حالات میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں اور اپنا لوہا منواتے ہیں، اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں ملکی حالات بہتر ہو جائیں گے۔

جس کے بعد سفیر پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت، عہداران، منتظمین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس خوبصورت دعوت افطار کا اہتمام کیا اور کمیونٹی کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیغام دیا کہ آپ کو جب بھی موقع ملے اپنے ملک کی اچھائی و بہتری کے لیے ضرور کام کریں۔آخر میں پی ٹی آئی کویت کے صدر پیر امجد حسین نے تمام کمیونٹی ممبران عہداران، حاضرین محفل کا فرداً فرداً خصوصی شکریہ ادا کیا اور پروگرام کا اختتام ایک پرتکلف عشائیہ پر ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!