عربین ٹریول مارکیٹ شو 2023 (ATM) میں پاکستان کی بھر پور انداز میں شرکت

0

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ATM دبئی میں پاکستان کے پویلین کا افتتاح کیا

دبئی میں اے ٹی ایم کے اس سال کے ایڈیشن میں دنیا بھر سے 160 سے زائد ممالک اور 2,000 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں

عریبین ٹریول مارکیٹ میں پاکستان کی شرکت یقینی طور پر غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرے گی، آفتاب رانا

دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی میں انعقاد پذیر ہونے والے عالمی عریبین ٹریول مارکیٹ شو 2023 (ATM) میں پاکستان نے بھر پور انداز میں شرکت کی جس میں پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PTDC) نے TDAP، پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز، ہاشو گروپ، لیجنڈ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس، ComfiTrav ٹورازم، میزاب گروپ، والجیس ٹریولز، زیب ٹریولز، ایونٹیکا، بلیک گلیشیئر ٹورز ، کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ اور شراکت دار تنظیموں کے ساتھ مل کر پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔

پاکستان نے معروف عالمی ٹریول شو عریبین ٹریول مارٹ 2023 میں اپنی بھرپور سیاحتی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری کی قیادت میں پاکستان کا 25 رکنی وفد یکم سے 4 مئی تک اے ٹی ایم دبئی 2023 میں شرکت کر رہا ہے تاکہ ملکی سیاحت کی بھرپور صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مشترکہ طور پر اے ٹی ایم 2023 دبئی میں پاکستان کے پویلین کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل عون چوہدری نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پی ٹی ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا اور اے ٹی ایم دبئی 2023 میں نجی شعبے کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد میں اضافہ کرتے ہیں۔

انہوں نے ATM 2023 میں شرکت کے لیے پاکستانی نمائش کنندگان کو تعاون فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد عریبین ٹریول مارکیٹ اے ٹی ایم میں پاکستان کی شرکت نہایت اہم ہے اور اس سے پاکستان میں ان باؤنڈ ٹورازم کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ ایونٹ نہ صرف نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرے گا بلکہ اس ایونٹ میں شرکت سے مشرق وسطیٰ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جا سکے گی۔ پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا نے بتایا کہ پاکستان کو بیش بہا قدرتی حسن، بھرپور ثقافت اور زمینی تزئین وتنوع سے نوازا گیا ہے جو سیاحت کی بھرپور صلاحیت پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

عریبین ٹریول مارکیٹ میں پاکستان کی شرکت یقینی طور پر غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرے گی۔ ایونٹ کے پہلے ہی روز پاکستان پویلین نے بڑی تعداد میں تجارتی مہمانوں، نمائش کنندگان، ٹور آپریٹرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور میڈیا پرسنز کو پاکستانی نمائش کنندگان کے ساتھ رابطوں کا تبادلہ کرنے اور پاکستان کے بھرپور سیاحتی امکانات اور ٹور پیکجز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے راغب کیا۔ عریبین ٹریول مارکیٹ (اے ٹی ایم) مشرق وسطیٰ میں ان باؤنڈ اور آؤٹ باؤنڈ ٹریول انڈسٹری کے لیے ایک اہم عالمی ایونٹ ہے۔

پچھلے اٹھائیس سالوں سے، اس سالانہ ایونٹ نے دنیا بھر کے سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں خریداروں اور ٹریول ٹریڈ زائرین سے جوڑا ہے۔ دبئی میں اے ٹی ایم کے اس سال کے ایڈیشن میں دنیا بھر سے 160 سے زائد ممالک اور 2,000 سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی-

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!