ریاض میں مسلم لیگ (ن) مڈل ایسٹ کے کوآرڈینیٹر شیخ سعید کی جانب سے محفلِ نعت کا انعقاد

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے کوآرڈینیٹر شیخ سعید احمد کی جانب سے محفل نعت کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے پولیٹیکل سیکرٹری حنیف خان سمیت نامور نعت خاں محمد اصغر چشتی نے نبی اکرم ؐکے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔

دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی محفل نعت میں سعودی عرب سمیت بحرین کے لیگی عہدیداروں اور ورکرز نے شرکت کی اس موقع پر نامور نعت خواں محمد اصغر چشتی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے پولیٹکل سیکرٹری حنیف خان نے آقا دوجہاں نبی رحمت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور ہدیہ نعت پڑھیں اور سننے والوں کے دلوں کو منور کیا۔

محفل نعت کی تقریب میں حافظ عبدالوحید نے سیرت رسول ؐ پر روشنی ڈالی جبکہ محمد عاصم، فضل الرحمان اور اسلم راہی نے نعت رسولؐ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔

مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے کوآرڈینیٹر شیخ سعید احمد اور مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سینئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر نے کہا کہ رسول کریم ؐ کی زندگی اور ان کی سنت ہمارے لئے مشعل راہ ہے اس پر عمل کرکے دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے پولیٹکل سیکرٹری حنیف خان نے مسلم لیگی عہدیداروں اور ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اپنی بیماری کے سبب لندن میں مقیم ہیں اور ہر وقت پاکستان کی بہتری کے لئے سوچتے ہیں نوازشریف عوامی لیڈر ہیں جو اپنے سینے میں عوام کا درد رکھتے ہیں ان کے دور میں ملک نے ریکارڈ ترقی کی اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!