روس،پاکستان کے دو طرفہ تعلقات خوش آئند،پاکستان کی خطے میں استحکام کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہتے ہیں،روسی پولیٹیکل سیکرٹری
دو طرفہ تعلقات میں فروغ، وقت اور خطے کی اہم ضرورت ہے،ڈاکٹر سید جعفر صمدانی
کویت (رپورٹ:محمدعرفان شفیق) پاکستان کے یوم دفاع 6ستمبر کے موقع پر کویت میں موجود سفارت خانہ روس کے پولیٹیکل آفیسر کے پرسنل سیکرٹری اندری تسیفوف نے پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے منعقد کئے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس خطے میں استحکام کے لئے کی گئی پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے،روس اور پاکستان کے تعلقات میں ماضی کی نسبت بہت نمایاں بہتری آئی ہے اور روس ان دو طرفہ تعلقات کو خطے میں امن استحقام اور اعتماد کی اس فضاء کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک میں روابط خطے میں دیر پا امن کی ضمانت ہیں۔ روس تمام ممالک کے دوستانہ تعلقات کا خیر مقدم کرتا ہے، خاص طور پر کویت اور سعودیہ کے ساتھ روس کے بہت اچھے روابط ہیں۔
اس موقع پر پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے صدر ڈاکٹر سید جعفر صمدانی نے مسڑ اندری تسیفوف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر دفاع پاکستان کی تقریب میں شرکت کی۔ ڈاکٹر سید جعفر صمدانی نے کہا دو طرفہ تعلقات میں فروغ، وقت اور خطے کی اہم ضرورت ہے۔
تعلیم، سیاحت، تجارت، پولیٹیکل آفیئرز دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ پاکستان عوامی سوسائٹی کویت نے معزز مہمان کی ضیافت کے لئے ایک مقامی ہوٹل میں شاندار عشائیہ کا بندوبست کیا تھا۔ مہمان خصوصی سفارت خانہ روس نے پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کا خاص طور پر پروگرام میں مدعو کرنے اور پر تکلف ضیافت کا شکریہ ادا کیا۔