مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں،بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے،ڈاکٹر ظہور احمد

0

اسٹاک ہوم (زبیر حسین) یومِ سیاہ کشمیر پر پاکستانی سفارتخانہ برائے سویڈن و فِن لینڈ کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغازتلاوت کلام پاک سے ہوا ،صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اوروزیرِاعظم پاکستان کا ویڈیو پیغام دکھایا گیا۔

سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمدنے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ءکو بھارت نے غیرقانونی طورپر ریاست جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ قائم کیا جب کہ 5 اگست 2019ءکو اس نے یکطرفہ طورپر ریاست کی متنازع حیثیت اور آبادیاتی ڈھانچے اور تشخص کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

گزشتہ 74 سال میں بھارت کشمیریوں کی آزادی کے حصول کے عزم کو کم کرنے میں مکمل طور پرناکام رہا ہے، پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کی مکمل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔

اقوام عالم کا فرض ہے کہ کشمیریوں پر جاری بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف اور انسانی حقوق کی بحالی کیلئے بھارت پر زور ڈالے۔ڈاکٹر ظہور احمد نے سویڈن و فِن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی کہ ہر پاکستانی اور کشمیری اپنے طور پر سویڈن کے ایوانوں میں کشمیر پر کئے جانے والے مظالم کے لئے آواز اٹھانے کے لئے خط وکتابت کا راستہ اختیار کرے تاکہ مسئلہ کشمیر کی سویڈن سمیت یورپ کے ایوانوں تک سنوائی ممکن ہوسکے۔

تقریب میں مقامی سیاسی ، سماجی و صحافتی تنظیموں کے نمائندگان کشمیر کونسل سویڈن کے چیئرمین چوہدری ظفر،چیف کوآرڈینیٹر سعید شیخ، صدر سردار تیمور عزیز، ملک شہزاد،راجہ بلال مصطفٰی اور دیگر نے شرکت کی جب کہ چوہدری ظفر نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے اپنے ادارے کی جانب سے احتجاج قلم بند کروایا۔ آن لائن تقریب کے بعد کھلی کچہری کا اہتمام بھی کیا گیاجس میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!