کویت (محمد عرفان شفیق) کویت میں مکتب التعاون الاسلامی جمعية الاصلاح الاجتماحی کے زیراہتمام عامًا من الاصلاح کی 60 سالہ تقریب کے دن کی مناسبت سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں آٹھ ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے بھی شرکت کی، جس میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس کیمپ کا انعقاد کویت سنٹرل بلڈ بنک جابریہ میں کیا گیا۔ کیمپ میں 177 افراد نے اپنے آپ کو خون کے عطیہ کے لیے پیش کیا۔
مکتب التعاون الاسلامی جمعية الاصلاح الاجتماحی کے مدیر ڈاکٹر خالد مذکور المذکور کی جانب سے عطیہ کنندگان اور تمام جالیات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مکتب التعاون الاسلامی جمعية الاصلاح الاجتماحی کی جانب سے منعقد کیے گئے اس کیمپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بھائی چارہ اللہ کی ایک نعمت اور احسان ہے، اللہ رب العزت اہل فلسطین کی مدد فرمائے۔
ان کی قربانیوں کا ذکر کیا جو اپنا مال جان اور اولاد اللہ کی راہ میں پیش کر رہے ہیں اور یہود کا ظلم، درندگی اور انسانیت سوز کاروائیاں بھرا ان کا چہرہ دنیا کو دیکھا رہی ہیں۔ تبرع (عطیہ) کئی طرح کا ہوتا ہے لیکن بہترین تبرع تبرع الدم (عطیہ خون) ہے جس سے انسانی زندگی کو رونق ملتی ہے، خون کے عطیہ سے مریض نئی زندگی پاتا ہے اور اس کا اجر صرف الله کے پاس ہے۔ انہوں نے عطیہ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دعا دی۔
قائم مقام صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت اطہر مخدوم نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کویت میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کررہی ہے۔ ہم اپنے کویتی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی سماجی خدمات کا احسن طریقے سے اعتراف کیا جاتا ہے! کویت پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور ہر پاکستانی یہاں پر سفیر کی حیثیت سے پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کر رہا ہے۔
یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر نوید پاشا نے کہا کہ ہم مکتب التعاون الاسلامی جمعية الاصلاح الاجتماحی کے زیراہتمام 8ممالک کے بلڈ ڈونیشن کے کامیاب کیمپ کے انعقاد پر تمام عطیہ کنندگان کے بے حد مشکور ہیں جن کی کاوشوں سے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی یہ سنگ میل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔