متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA) خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، سفیر پاکستان
تجارت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور کسی ملک کی اقتصادی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے، فیصل نیاز ترمذی
علی احمد خان نے سفیرپاکستان اور ان کی ٹیم کا متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروبار اور برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA) خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کی اوسط سالانہ تجارت 8 بلین امریکی ڈالر ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کاروباری وفد سے ملاقات میں کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سے متحدہ عرب امارات کو برآمدات کے حجم میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے اور یہ اعداد و شمار بہت حوصلہ افزا ہیں،میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ تجارت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور کسی ملک کی اقتصادی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔
میرا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانا ہے تاکہ اس کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔ ہم نے اس سال متحدہ عرب امارات میں متعدد تجارتی شوز میں بہت کامیاب شرکت کی ہے۔
ہم نے حال ہی میں دبئی میں ایک انتہائی کامیاب پاکستان انویسٹمنٹ روڈ شو کا اختتام کیا جس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔
سفیرفیصل نیاز ترمذی کو علی احمد خان، صدر مڈل ایسٹ، پاکستان اینڈ افریقہ (MEPA)، Friesland Campina کی جانب سے روابط کو فروغ دینے خصوصاً ڈیری انڈسٹری میں کاروبار کو سہولت فراہم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں ایک تعریفی شیلڈ پیش کی گئی۔
علی احمد خان نے سفیرپاکستان اور ان کی ٹیم کا متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروبار اور برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔