قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں 23مارچ یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

0

دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی، متحدہ عرب امارات میں یوم پاکستان کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب کا افتتاح قونصل جنرل حسین محمد نےقومی ترانہ کی دھن پر پرچم کشائی سے کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، صحافیوں اور قونصل خانے کے حکام نے شرکت کی، اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے قومی دن کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے اپنے خطاب کے دوران بانی پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے اس دن کی تاریخی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے برصغیر کے ان بہادر مسلم رہنماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد سات سال کے مختصر عرصے میں خطے کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن بنایا۔

قونصل جنرل نے پاکستان کی آزادی کے حصول کے لئے ہمارے بصیرت رکھنے والے رہنماؤں کی انتھک جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے اس موقع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کی اہمیت پر زور دیا جو ملک کی ترقی کے لئے رہنمائی کرتے ہیں۔

اس موقع پر قونصل جنرل نے دبئی اور شمالی امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنی پاکستانی شناخت کا جشن منائیں بلکہ متحدہ عرب امارات کی سوسائٹی میں با وقار انداز سے شامل ہوں۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے قوانین پر عمل کرنے، اس کی پالیسیوں کا احترام کرنے، اس کی بھرپور ثقافت کو اپنانے اور اس کے طرز زندگی کو پسند کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ یو اے ای کی مہمان نوا زی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانیوں کو اپنے دوسرے گھر یعنی یو اے ای میں مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ رواداری، احترام اور تعاون کی اقدار کو اپنا کر امارات کے کثیر الثقافتی معاشرے میں ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دیتے ہوئے پاکستانی تارکین وطن اپنے وطن کی میراث کی پاسداری کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!