پاکستان اورچین کے درمیان تعلیمی تبادلوں میں اضافہ ہو رہا ہے، سیکرٹری وزارت تعلیم
پاکستانی بچوں کی جانب سے روایتی چینی ثقافت میں گہری دلچسپی کا اظہار
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چائنا میڈیا گروپ نے اسلام آباد میں "دی ڈریگن بوٹ فیسٹیول” کے عنوان سے ایک ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا۔ پیر کے روز سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی، چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی، اساتذہ اور میڈیا کے نمائندوں نے پاکستان میں پرائمری سکول کے 200 سے زائد طلباء کے ساتھ "ڈریگن بوٹ فیسٹیول” میں شرکت کی ۔
سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تبادلے بڑھ رہے ہیں، اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء چین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ طلبا چین میں جدید تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ چین کی طویل اور شاندار ثقافت کو بھی سمجھ رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبا پاکستان اور چین کی دوستی کو بڑھانے میں پل کا کردار ادا کریں گے ۔چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے وہاں موجود بچوں سے اپنی توقعات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ چین کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے اور چین کے ساتھ گہری دوستی کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
چائنا میڈیا گروپ اسلام آباد کی ڈائریکٹر نے مہمانوں اور بچوں کے ساتھ ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی تاریخ اور رسم و رواج کومتعارف کرایا ۔ یہ تہوار پہلا چینی روایتی تہوار ہے جسے دنیا کے غیر مادی ثقافتی ورثے کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
تقریب میں پاکستانی بچوں نے روایتی چینی ثقافت میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور چینی روایتی ثقافت سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بات چیت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پرپاکستانی طلباء نے پرفارمنس بھی پیش کی۔