چین کی فلسطینی عوام کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی مخالفت

0

دو ریاستی حل پر قائم رہ کر ہی دیرپا امن حاصل ہو سکتا ہے، چینی وزیرخارجہ

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے  جوہانسبرگ میں منعقدہ جی 20  وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے بعد ملک واپسی کے سفر میں مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق بدر عبد العاطی نے کہا کہ مصر غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور عرب ممالک کے ساتھ مل کر تعمیر نو کے منصوبے تیار کر رہا ہے، اور امید کرتا ہے کہ امن کی بحالی اور غزہ کی تعمیر نو کے معاملے میں چین کی حمایت حاصل ہو گی۔

وانگ ای نے کہا کہ چین عرب ممالک کےانصاف پر مبنی موقف کی حمایت اور فلسطینی عوام کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔ صرف "دو ریاستی حل” پر قائم رہ کر ہی بنیادی مسئلے کو مکمل طور پر حل کیا جا سکتا ہے اور آخر کار دیرپا امن حاصل ہو سکتا ہے۔جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقدہ  دو روزہ جی 20 وزرائے خارجہ کا اجلاس اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ اجلاس میں شریک ممالک سے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کی اپیل کی گئی۔

اجلاس میں تنازعات میں شامل تمام فریقوں سے بین الاقوامی قانون کی پابندی کرنے اور تنازعات کے شکار علاقوں میں منصفانہ امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرنے کی اپیل کی گئی۔ اس کے علاوہ  کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے، عالمی اقتصادی نظام کی اصلاح کو آگے بڑھانے اور ساتھ ہی افریقہ کی آواز کو موثر بنانے اور اس کے کردار کو بڑھانے کی اپیل کی گئی۔ جی20  کے اراکین اور مہمان ممالک کے وزرائے خارجہ، نائب وزرائے خارجہ یا اعلیٰ نمائندوں اور اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سمیت متعدد  بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان نے اس اجلاس میں شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!