ہمیں انسانی اسمگلنگ میں ملوث مجرموں کا مقابلہ کرنے کیلئے طاقت، ہمت اور دانش پیدا کرنا ہو گی،راجہ سکندر خان
لندن (تارکین وطن نیوز) کشمیری بین الاقوامی تنظیم کے چیئرمین راجہ سکندر خان ڈائیسپورا کی نمائندگی کرنے والے اور معروف تھنک ٹینک گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل لندن سٹی میں سٹاپ دی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ ماڈرن ڈے سلیوری سیمینار کے مہمان خصوصی تھے جہاں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ بین المذاہب مقررین نے مختلف طریقوں سے انسانی اسمگلنگ کو روکنے پر زور دیا۔
راجہ سکندر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی سمگلنگ کی اس اربوں ڈالر کی تجارت کو روکنے کے لیے انڈر ورلڈ مافیا سے نمٹنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہمیں متحد ہو کر انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی مجرموں کا مقابلہ کرنے کے لیے طاقت، ہمت اور دانش پیدا کرنا ہو گی تاکہ انسانی اسمگلنگ میں رضاکار خواتین، مردوں اور بچوں سے جنسی تجارت، جبری مشقت کے ساتھ ساتھ بہت سی دوسری جبری مجرمانہ سرگرمیاں میں ملوث کیا ہے۔

راجہ سکندر نے سٹاپ دی ہیومن ٹریفکنگ ٹیم کے منتظمین ڈاکٹر شیخ رمزی، ڈاکٹر صف بخشی اور کیپٹن علی جاوید کو انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم کے خاتمے کے لیے ہمیں تعلیم دینے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ان کی محنت اور کوششوں کو سلام پیش کیا۔
راجہ سکندر نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ادارہ یا فرد کمیونٹی کے افراد کی اخلاقی اور مالی مدد کے بغیر انڈر ورلڈ مافیا سے لڑنے یا اس کا قلع قمع کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا اس لیے ہر ایک سے درخواست کی کہ وہ انسانی سمگلنگ کو روکنے کے منتظمین کا ہر ممکن تعاون کریں۔
مقررین میں ڈاکٹر شیخ رمزی، کیپٹن علی جاوید، سابق ایم پی اور سابق وزیر کیتھ بیسٹ، مارٹن ویٹ مین، نکولا گیرنگٹن، ڈاکٹر فوٹینی گوڈیلا، ایس روزن، ہرمیت شاہ سنگھ، ریو ڈاکٹر سر سمانا سری اور چرچ آف سائنٹولوجی کے ٹریسی کولمین شامل تھے۔