کراچی(شوبز نیوز)پاکستانی فٹبال کی دستاویزی فلم، بیٹیرفٹ نے چوتھے سالانہ گلوبل انڈیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، ممبئی، انڈیا سے بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ جیت لیا۔ GIIFF کا دنیا کے بہترین فلمی میلوں میں شمار ہوتا ہے۔پچھلے سال دسمبر میں پاکستان کی یہ منفرد بین المذاہب فٹ بال دستاویزی فلم ٹیگور انٹرنیشل فلم فیسٹیول سے ایوارڈ جیت چکی ہے۔
کھیل کی دستاویزی فلم، پاکستان میں فٹ بال کے شمال اور جنوب سے تعلق رکھنے والے،دو سابقہ فٹبالرز اور موجودہ سوکرکوچز کی زندگیوں کے گرد، نوجوان نسل کے فٹ بال کھلاڑیوں کی فٹ بال سے لگاؤ کا دلچسپ احوال ہے۔ ڈاکومینٹری ڈائرکٹر خالد حسن خان نے کہا یہ کھیل کی دستاویزی فلم سے زیادہ ایک بین المذاہب اور بین الطباقاتی مکالمہ ہے، جہاں ہندو، میسحی اور زرتشت اقلیتی برادری کے مرد اور خواتین فٹبالرز کے علاوہ پاکستان کے پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے فٹبالرز کی زندگیوں کوعکس بند کیا گیا ہے۔
یہ ڈاکومنٹر ی فلم کراچی سے بنوں تک فٹ بال کا احاطہ کرتی ہے۔ فلم کے ہدایت کار خالد حسن خان کا کہنا ہے کہ بنوں پاکستان میں فٹ بال کا سب سے اہم محاذ ہے، جہاں قبائلی علاقے کی سرحدیں خیبر پختونخوا کی گنجان شہری آبادیوں سے ملتی ہیں ۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح لیاری کے فٹبالرز نے خونی گینگ وار کے دوران، فٹبال کا جنون جاری رکھا۔
علاوہ ازیں ماضی میں خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کی کارروائیاں نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کے جذبے کو ختم نہیں کر سکیں۔ بنوں کے فٹ بال کوچ سیف اللہ خان کا کہنا ہے کہ اگر فٹ بال کے کھیل کو فروغ دیا جائے تو شدت پسندی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔احمد جان سابق فیفا ریفری کے مطابق ایک بار محمڈن اسپورٹنگ کلب ڈھاکا کے کپتان دلیپ کمار سے ملنے کیلئے فلم کے سیٹ پر پہنچے تو اس عظیم فٹبالر کے احترام میں فلم مغل اعظم کی شوٹنگ روک دی گئی۔ یہ کپتان محمد عمر تھا جس کا تعلق لیاری کراچی سے تھا۔
فلم میں پاکستان کی کثیر الثقافتی خوبصورتی کی مناسبت سے ہم آہنگ گیت بھی شامل ہے، جس کی شاعری اور دھن کراچی کے گلو کار ماسٹرنند لال نے تخلیق کی ہے۔فلم ہدایتکار کے مطابق فٹ بال ایسا کھیل ہے جو مختلف مذ اہب کے لوگوں اور سماجی طبقوں میں فاصلے دور کرنے کے علاوہ نئی نسل کو صحتمندانہ تفریح مہیا کرتا ہے اور معاشرہ میں عدم برداشت کے رویے ختم کرتا ہے۔