2021ء میں دنیا کے دس مصروف ترین ائیر پورٹس میں امریکہ کا اٹلانٹا ائرپورٹ سرفہرست رہا

0

ٹاپ 10 فہرست میں امریکہ کے آٹھ اور چین کے دو ائرپورٹ شامل ہیں

نیویارک (طاہر محمود چوہدری) کوڈ-19 کے بعد سے بین الاقوامی سفر میں بہتری جاری ہے، لیکن ابھی بھی کرونا سے پہلے والی سطح پر صورت حال واپس نہیں آئی، 2021 میں کرونا کے باوجود عالمی طور پر لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے سفر کیا، ہر سال دنیا بھر کے مصروف ترین ایئرپورٹس کی ایک فہرست جاری ہوتی ہے۔

‘ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل (اے سی آئی) کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2021ء میں دبئی بین الاقوامی مسافروں کے لیے سرفہرست مقام رہا جبکہ ٹاپ 10 ایئرپورٹس میں امریکہ کی ریاست جارجیا میں واقع اٹلانٹا ایئرپورٹ سال 2021ء میں دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں پہلے نمبر پر آیا ہے، اس ایئرپورٹ سے 75.7 ملین لوگوں نے سفر کیا۔

جبکہ مجموعی طور پر دینا بھر میں 2021ء کے دوران تقریباً 4.5 بلین مسافروں نے ہوائی جہازوں سے سفر کیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ، تاہم مسافروں کی یہ تعداد 2019ء کے مقابلے میں اب بھی 50 فیصد کم ہے۔

اسی طرح امریکہ کا ڈلاس انٹرنیشنل ایئرپورٹ 62.5 ملین مسافروں کے ساتھ دوسرے جبکہ ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ تیسرے نمبر پر رہا،جہاں سے 58.8 ملین مسافر مستفید ہوئے، چوتھے نمبر پر ایلے نائے، شکاگو میں واقع اوہیرا انٹرنیشنل ائرپورٹ سے 54 ملین مسافر گزرے۔

پانچویں نمبر پر لاس اینجلس ائرپورٹ سے 48 ملین مسافروں نے سفر کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 67 فیصد زیادہ اور 2019 کے مقابلے میں 46 فیصد کم ہے. جبکہ چھٹے نمبر امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں واقع چارلیٹ ڈیگلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ تھا، جہاں سے 43.3 ملین مسافروں نے سفر کیا، ساتویں نمبر پر بھی امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع اورلینڈو ائرپورٹ رہا، اس ائرپورٹ سے 40.3 ملین لوگوں نے ٹریول کیا۔

آٹھویں اور نویں نمبر پر بالترتیب چین کے گینگوزھو اور چنگڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹس رہے، جہاں سے بالترتیب 40.3 اور 40.1 مسافروں نے سفر کیا، دسویں نمبر پر امریکہ کا معروف سیاحتی مقام لاس ویگاس انٹرنیشنل ائرپورٹ تھا، جہاں سے 39.8 ملین مسافر مستفید ہوئے۔

2021ء کے ٹاپ 10 ایئرپورٹس میں امریکہ کے آٹھ ائرپورٹ شامل ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں، 2020 میں سرفہرست 10 مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے سات چین میں واقع تھے، کیونکہ وبائی امراض کے آغاز کے دوران عالمی سفری مانگ میں زبردست کمی واقع رہی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!