وہ ایک عرصہ سے علیل تھے،انتقال اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں ہوا
چودھری ظفراقبال کے انتقال کی خبر امارات میں دکھ کے ساتھ سنی گئی
مرحوم ایک سادہ لوح انسان اورپاکستان مسلم لیگ ن امارات کے مخلص لیڈر تھے
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں آج 22 ستمبر 2022 کو سہ پہرکے وقت انتقال کر گئے- چودھری ظفر اقبال کے انتقال پر ملال کی خبر یہاں کے پاکستانی حلقوں میں انتہائی دکھ کے ساتھ سنی گئی۔
مرحوم ایک سادہ لوح انسان اورپاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے مخلص لیڈ ر تھے،پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل وہ پاکستان پیپلزپارٹی یو اے ای کے اہم عھدہ پر فائض تھے اور محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد وہ آخر وقت تک پی ایم ایل این کے ساتھ مخلص رہے اور پارٹی کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دیں،چودھری ظفر اقبال کی پارٹی کے لئے خدمات کو دیکھتے ہوئے پی ایم ایل این کی اعلی قیادت نے انہیں پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کا جنرل سیکرٹری تعینات کیا۔
اس طرح وہ تا دم مرگ (تا حیات) پی ایم ایل این امارات کے جنرل سیکرٹری رہے،چودھری ظفر اقبال کے انتقال پر پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے صدر اسحاق ڈار، جنرل سیکرٹری چودھری نور الحسن تنویر، پی ایم ایل این امارات کے صدر غلام مصطفیٰ مغل، پی ایم ایل این امارات وومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر، پاکستان مسلم لیگ ن کے کو آرڈینیٹرانٹرنیشنل افیئر فار یو اے ای اینڈ بحرین ملک دوست محمد اعوان، پی ایم ایل این دبئی کے صدر عامر سہیل گھمن، نائب صدر محمد شہزاد بٹ، غلام محی الدین، پی ایم ایل این منارٹی ونگ امارات کے صدر جان قادر، پاکستان پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس اور دیگر بہت سے لوگوں نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم چودھری ظفر اقبال کے لئے دعائے مغفرت و بخشش کی ہے۔