پیرس میں اوورسیز ہسپتال منڈی بہاوالدین کی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد

0

پیرس(سید شاہ زیب ارشد)دنیا کے ہر کونے میں پاکستانی مقیم ہیں مگر انکے دل ہمیشہ پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں ، پاکستان کو جب بھی قدرتی آفات نے گھیرا تو اوورسیز پاکستانیوں نے محب وطن ہونے کا فرض ادا کیا، زلزلہ سے ہونیوالی تباہی ہو یا پھر سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں اوورسیز پاکستانی ہمیشہ اپنے ملک کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں ۔

حالیہ سیلاب سے ہونیوالی تباہی نے جہاں پاکستان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا وہیں اوورسیز پاکستانیوں نے متاثرین کی مدد کیلئے اپنے خزانوں کے منہ کھول دئیے، شوکت خانم ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی تعمیر کیلئے بات فنڈنگ کی آئی تو یہی اوورسیز پاکستانی امداد دینے میں سب سے آگے دکھائی دئیے، شوکت خانم ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی تعمیر کے بعد اوورسیز ہسپتال منڈی بہاو الدین کی تعمیر نو کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دیار غیر میں مقیم منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی منڈی بہاوالدین ہسپتال کی تعمیر کیلئے کوشاں ہیں ، گذشتہ روز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اوورسیز ہسپتال منڈی بہاوالدین کی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں پاکستانی و فرانسیسی کمیونٹی کے علاوہ خصوصی طور پر منڈی بہاو الدین سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ناصر عباس تارڑ نے مہمانوں کی آمد پر پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے انکا استقبال کیا، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں جس کا احترام پاکستانی و فرانسیسی کمیونٹی نے کھڑے ہوکر کیا، ناصر عباس تارڑ نے ابتدائیہ سے قبل کمیونٹی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔

ناصر عباس تارڑ نے کمیونٹی کو اوورسیز ہسپتال منڈی بہاو الدین کی تعمیر نو کے حوالے سے تفصیلی بریف کیا، پیرس کی کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری افضل لنگاہ نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے 5ہزار یورو اور سینئر رہنما پی ٹی آئی فرانس چوہدری اشفاق جٹ نے ساڑھے 4 ہزار یورو عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

پاکستانی کمیونٹی نے اوورسیز ہسپتال کی تعمیر کیلئے دل کھول کر ہزاروں یورو کے عطیات دئیے، تقریب کے آخر میں مہمانوں کی تواضع پر تکلف کھانے سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!