منہاج القرآن آسٹریا کے زیرانتظام عظیم الشان سالانہ عیدمیلادالنبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

0

ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) منہاج القرآن آسٹریا کے زیرانتظام عظیم الشان سالانہ عیدمیلادالنبی ﷺ کانفرنس زیر سرپرستی منہاج القرآن آسٹریا کے سرپرست اعلیٰ الحاج خواجہ محمد نسیم اور زیر صدارت منہاج القرآن آسٹریا کے صدر حفیظ اللہ قادری 15 ستمبر بروز اتوار انعقاد پذیر ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی کے طور پر (بریشیا اٹلی) سے آئے ہوئے علامہ سید زوار حسین شاہ بخاری اور نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے شرکت کی۔

کانفرنس میں سفارت خانہ پاکستان کے اسٹاف اور آسٹریا بھر کے دور دراز شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائند گان خواتین و بچوں اور مرد حضرات عاشقان رسول ﷺ نے بھر پور شرکت کی۔ نظامت کے فرائض محمد جنید نے بڑی خوبصورتی سے ادا کیے ۔

جشن عیدمیلادالنبی ﷺکانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔ نعت رسول مقبول ﷺپڑھنے کی سعادت حاصل کرنے والوں میں حفیظ اللہ قادری، فاروق آفاق، حاجی اکبر،محمد عامر صدیق، محمد جنید، آفتاب احمد سیفی اور یورپ کے معروف نعت خواں غلام مصطفیٰ نعیمی شامل ہیں۔

مختصر خطاب نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے اپنے خصوصی خطاب میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت اور میلاد منانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا مستحسن اور جائز عمل ہے بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دینے کا انتہائی موثر تیر بہدف نسخہ ہے، جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔

اس سے قبل الحاج خواجہ محمد نسیم نے میلاد کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے نمائندگان اور مہمانوں کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

مہمان خصوصی علامہ سید زوار حسین شاہ بخاری نے عید میلادالنبی ﷺ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلادالنبی ﷺکی خوشیاں منانے کا الگ الگ طریقہ ہے مگر حضوراکرم ﷺ کی ولادت پر جو خوش ہوا اُس کو سارے جہاں کی خوشیاں نصیب ہوتی ہیں ۔

انہوں نے مذید کہا کہ خوشیاں اس طرح منایا کرو جس کی شریعت اجازت دیتی ہے اور اس طرح خوشی منایا کرو کہ جیسے سب عیدوں کی عید ہو، انہوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور میلادالنبی ﷺپر بڑی تفصیل سے روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر حفیظ اللہ قادری نے بھی تمام حاضرین شرکاء کا میلاد شریف کی سالانہ تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

بعدازاں سب نے مل کر درود و سلام کا نظرانہ پیش کیا اور علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے اجتمائی دعائیہ کلمات میں اُمت مسلمہ، فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور حاضرین شرکاء کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

کانفرنس کے اختتام پر حاضرین محفل کے لئے لنگر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!