ہوپ فارہیومینٹی کے زیراہتمام پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے چیریٹی تقریب کا انعقاد

0

تقریب میں ممبرآف پارلیمنٹ نیوہیم اسٹیفن ٹمز،کونسلراورکمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی

پاکستانی گلوکاررفاقت علی خان کے صاحبزادے بخت علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا

مشرقی لندن(نمائندہ خصوصی)پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ایک چیریٹی تقریب کا انعقاد مشرقی لندن کے ایک مقامی ہال میں کیا گیا جس میں ممبر آف پارلیمنٹ نیو ہیم اسٹیفن ٹمز کونسلر اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

معروف پاکستانی گلوکار رفاقت علی خان کے صاحبزادے بخت علی خان نے اس موقع پراپنی آواز کا جادو جگا کر خوب داد وصول کی،شرکانے بھی دل کھول کر عطیات دیئے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ بھر میں پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب کا سلسلہ جاری ،مشرقی لندن کے مقامی ہال میں ہوپ فار ہیومینٹی کے زیر اہتمام پروقار تقریب ہوئی جس میں ممبر آف پارلیمنٹ نیو ہیم اسٹیفن ٹمز، کونسلراور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستانی معروف گلوکار فاقت علی خان کے صاحبزادے بخت علی خان نے عارفانہ کلام پیش کر کے تقریب کی رونق دوبالا کر دی،بخت علی خان نے مشہور زمانہ گیت بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا،شاندار پرفامنس اور خوبصورت گیتوں پر شرکا نے نوجوان گلوکار کو دل کھول کر داد دی۔

ایم پی نیو ہیم اسٹیفن ٹمز نے کہا موجودہ صورتحال میں بہت سے لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ان کی مدد کیلئے اس قسم کے مزید ایونٹ ہونے چاہئیں۔

کونسلر قیصر عباس گوندل نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے بہت سے خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہیں ان کی مدد کیلئے تمام اوورسیز پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر مدد کرنی چاہئے۔

اس موقع پر ایونٹ کے آرگنائزر جنید علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس ایونٹ میں جہاں لوگوں نے موسیقی سے لطف اٹھایا وہیں پاکستان میں اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد بھی کی جو کہ قابل تحسین ہے۔

اس موقع پر دیگر شرکا کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو مل کر پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہئے،کیونکہ سیلاب سے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں،آج بھی کئی خاندان کسمپرسی کی حالت میںسڑکوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تمام اوورسیز پاکستانیوں کومشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطن بھائیوں کی جلد سے جلد امداد کرنی چاہئے کیونکہ سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں جن پر قابو نہ پایا گیا تو کوئی بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!