کویت میں انصاف ویلفیئرسوسائٹی کے زیرِانتظام معروف صحافی ارشد شریف شہید کی روح کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی اجلاس

0

کویت(محمد عرفان شفیق)کویت کے مقامی ہوٹل میں شہید ارشد شریف کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

تعزیتی اجلاس بعد از نمازِ جمعہ منعقد ہوا جس میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے کثیر کارکنان کے علاوہ کویت میں مقیم سماجی و کاروباری پاکستانی شخصیات اور دیگر کمیونٹی کے سرکردہ ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجتماعی طور پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور اس کے بعد اجتماعی دعا کرائی گئی جس میں تلاوت قرآن حکیم کی سعادت پیر امجد حسین صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت اور علی طفیل نے حاصل کی، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت علی طفیل کو حاصل ہوئی۔

نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے راجہ محمد بلال (جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف کویت) نے مختلف شخصیات کو اظہار خیال کے لئے بلایا۔ نامور ادیب اور کالم نگار محمد فیصل نے زبردست انداز میں ارشد شریف شہید کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور حکام بالا سے اپیل کی کہ شہید ارشد شریف کے قاتلوں کو بے نقاب کر کے جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ماجد علی چوہدری نے حکامِ وقت، وزیر داخلہ پاکستان اور امن و امان کے ذمہ دار پاکستانی اداروں پر چند سوالات کیے، انہوں نے کہا کہ اس بات کا پتہ لگایا جائے کہ وہ کون سے عوامل ہیں کہ جن کی بنیاد پر شہید ارشد شریف کو وطن چھوڑنا پڑا اور پردیس میں شہید ہوئے۔

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے نائب صدر آصف جمال اور سینئر نائب صدر ایگزیکٹو کمیٹی شہزاد الرحمن بٹ نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور حکام بالا سے اپیل کی کہ ان کے قاتلوں کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے۔ انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے صدر پیر امجد حسین نے قرآن کی آیات کی تلاوت کر کے کہا کہ شہید زندہ ہوتا ہے۔

وطن عزیز میں کیوں اس قدر شدت پسندی پائی جاتی ہے کہ مخالف نکتہِ نظر کو برداشت کرنے کی روایت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ اختلاف رائے کے باوجود انسانی جان کی قدر و منزلت انسانیت کی دلیل ہے، پیر امجد حسین نے کہا کہ معاشرے میں برداشت پیدا کرو تاکہ دلیل کا جواب دلیل سے دیا جائے نہ کہ دلیل کا جواب گولی سے دیا جائے۔

آخر میں قاری طلعت شریف نے مختصر خطاب کرنے کے بعد شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا کروائی۔ انصاف ویلفیئر سوسائٹی نے شرکائے مجلس کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کر رکھا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!