سویڈن میں یومِ اقبالؒ کی تقریب،شہید ارشد شریف کیلئے تعزیتی ریفرنس اور عمران خان کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں
تقریب میں،مقامی شعرا،سیاسی،سماجی وکاروباری شخصیات کی بھرپور شرکت
پاکستان کی ناخوشگوار صورتحال دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بن رہی ہے،زبیر حسین
اقبالؒ کے فلسفے کو فقط پڑھنے کی حد تک نہیں عملی زندگی میں بھی اپنانے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر اشفاق
سویدالا(نمائندہ خصوصی) نواب ریسٹورنٹ سویڈن کی جانب سے یومِ اقبالؒ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں مقررین نے فکرِاقبالؒ اور پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران اور قیادت کا فقدان نہ صرف پاکستان میں رہنے والوں کے لیے بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بھی باعثِ تشویش ہے۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کےسربراہ زبیر حسین کا کہنا تھا کہ اداروں کا تصادم ایک ایسی ناخوشگوار صورتحال ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے، حکمران اور ادارے ملکی سالمیت کو اولین ترجیح دے کر وطنِ عزیز کو اس بحران سے نکالیں۔
ڈاکٹر اشفاق کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کے فلسفے کو فقط پڑھنے کی حد تک نہیں بلکہ عملی زندگی میں بھی اپنانے کی اشد ضرورت ہے، تنویر گوندل کا کہنا تھا کہ جب جب پاکستان میں کسی نے حق کی آواز کو بلند کیا اس کے ساتھ نارواسلوک برتا گیا مگر ہم اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کیونکہ موجودہ حالات میں عمران خان کا کوئی نعم البدل نہیں۔
ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر ابوبکر ہنجرا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دی نواب ریسٹورنٹ کی جانب سے مستقل بنیادوں پر اپنی آمدن کا ایک مخصوص حصہ پاکستان کے غریب اور نادر لوگوں تک پہنچائے گا اور اس طرح کی قومی ، مذہبی اور ثقافتی تقاریب کا اہتمام کرکے دیارِغیر میں پاکستانیت کو زندہ رکھا جائے گا۔
تقریب میں مقامی شعرا نے نا صرف اقبال ؒکے اشعار پڑھے بلکہ ارشد شریف کے ایصالِ ثواب اور عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
تقریب میں امامیہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندگان، پاکستان کلچرل سوسائٹی سویڈن کے صدر عامر خلیل جنجوعہ، پاک اسکانے بزنس فورم کے صدر خرم خان ، سول سوسائٹی کی سرکردہ شخصیات حجازی، عبید، چوہدری اشفاق ، چوہدری شبیر، کلیم شیخ، عاصم فیض، سعید بلوچ، مہروز چیمہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔