تقریب کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اورپریس قونصلر شازیہ سراج نے کیا
پاکستانی کمیونٹی کے لئے صحافیوں کی خدمات لائق صد تحسین و آفرین ہیں،قونصل جنرل حسن افضل خان
متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،ہمیں ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے،سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی
دبئی (طاہر منیر طاہر) سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کام کرنے والے پاکستانی صحافیوں سے براہ راست ملاقات اور تعارف کے لیے قونصلیٹ جنرل آ ف پاکستان دبئی میں منعقدہ تقریب میں ملاقات کی۔
باہمی ملاقات کی تقریب کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اورپریس قونصلر شازیہ سراج نے کیا تھا، تعارفی تقریب میں پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کے صدر اشفاق احمد، سبط عارف، سعدیہ عباسی، عاصمہ علی زین، خالد محمود گوندل، سید مدثر خوشنود، رانا ارشاد، جمیل احمد خان، ارشد انجم، امجد قاسمی، طاہر منیر طاہر، عبدا لرحمان رضا، ملک خالد، ملک عامر نوید، عارف شاہد، کاشان ہاشمی، طارق ندیم، زمرد بونیری، عمر فاروق، مظفر رضوی، راجہ عرفان، وحید خان اور قونصلیٹ اسٹاف نے شرکت کی۔
اس موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی اور صحافیوں کو خوش آمدید کہا، قونصل جنرل حسن افضل خان نے امارات میں کام کرنے والے صحافیوں کے جذبہ پاکستانیت کی تعریف کرتے ہو ئے کہا کہ تمام صحافی اپنے اپنے دائرہ کار کے اندر رہتے ہو ئے اپنا اپنا کردار مثبت انداز میں بطریق احسن نبھا رہے ہیں۔پاکستانی کمیونٹی کے لئے صحافیوں کی خدمات لائق صد تحسین و آفرین ہیں۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ انہیں پاکستانی میڈیا ورکرز سے براہ راست مل کر بہت اچھا لگ رہا ہے،میں چاہتا ہوں کہ آئندہ بھی ایسی ملاقاتوں اور تقریب کا اہتمام ہوتا رہے تا کہ ہم مل جل کر اپنی کمیونٹی کے لئے کام کر سکیں۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ چونکہ ان کا تعلق براہ راست عوام الناس سے ہے لہٰذا وہ امارات میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے انہیں ضرور آ گاہ کریں تا کہ عوام کو در پیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے آپسی تعلقات شروع دن سے ہیں، 2 دسمبر1971 کو جب یو اے ای کا قیام عمل میں آیا تو سب سے پہلے پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی حیثیت کو تسلیم کیا اور اپنا سفیر یہاں تعینات کر دیا۔
متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی اور اداروں کی مضبوطی کے لیے پاکستانیوں کی خدمات مثالی ہیں،متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، ہمیں ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے جس کے لئے ہر فرد کو مثبت انداز میں کام کرنا ہو گا۔
صحافیوں کے ساتھ خوشگوار ملاقات کا اہتمام کرنے پرسفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اورپریس قونصلر شازیہ سراج کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے آخر میں قونصلیٹ کی طرف سے صحافیوں کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔