مسلمان ہونے کے ناطے اپنے بھائی، اہل خانہ، رشتے دار، پڑوسی اور تمام امت مسلمہ کا خاص خیال رکھیں،حاجی یعفور عطاری
حضورپاکؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم ایک اچھے شہری اور سچے مسلمان بن سکتے ہیں،سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد
فرانس(رپورٹ:سلطان محمود) پیرس میں دعوت اسلامی فرانس کے تحت شاہ نواز ریسٹورنٹ میں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان سے تشریف لائے ہوئے دعوت اسلامی کی شوریٰ کے رکن و مبلغ یورپ حاجی یعفور رضا عطاری نے بیان فرمایا، پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ خصوصی طور پر شرکت کی ۔
حاجی یعفور عطاری نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلمان کی مثال تو ایک جسم کی طرح ہے کہ اگر ایک حصے کو تکلیف پہنچے تو ساراجسم اس تکلیف کو محسوس کر تاہے۔
لہٰذا ہم اپنے بھائی، اہل خانہ، رشتے دار، پڑوسی اور تمام امت مسلمہ کا خاص خیال رکھتے ہوئے عزمِ کرلیں کہ ہم بلاوجہ جھگڑا کرکے نہ کسی کو تکلیف دیں گے اور نہ خود تکلیف لیں گے۔
سفیر پاکستان عاصم افتخار نے کہا کہ ہم مسلمان ہیں، ہمارا مذہب اسلام ہے، اسلام اللہ جل جلال کا بنایا ہوا نظامِ زندگی ہے جس کی پابندی ہم پر فرض ہے، اسلام امن وسلامتی کا مذہب ہے۔
اسلام نے مسلمانوں کو قانون کا احترام اور پابندی کرنے کی تاکید کی ہے آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم ایک اچھے شہری اور سچے مسلمان بن سکتے ہیں۔
اجتماع کے آخر میں امت مسلمہ کی خوشحالی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔