میڈرڈ(نیوز ڈیسک) پاکستانی شہریوں کو سپین میں غیرقانونی داخل کرانے والا گینگ پکڑ لیاگیا۔
نیوز ویب سائٹ’’پروپاکستانی‘‘ کے مطابق ہسپتانوی پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے اس گینگ کے ملزمان بوسنیا کے راستے پاکستانیوں کو غیرقانونی طور پر سپین لے جاتے تھے اور ان سے اس کام کے عوض پیسے لیتے تھے۔
ہسپانوی وزارت داخلہ کی طرف سے ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک منظم گینگ تھا جو پاکستانیوں کو غیرقانونی طور پر سپین لیجانے کے عوض 12ہزار یورو (تقریباً 28لاکھ 86ہزار روپے) سے 20ہزار یورو (تقریباً 48لاکھ روپے) لیتا تھا۔
ملزمان پاکستان سے لوگوں کو بوسنیا لے جاتے اور وہاں انہیں رہائش مہیا کرتے۔ وہاں سے وہ انہیں ریسٹورنٹ اور سپرمارکیٹ کے عارضی ورکرز کے طور پر سپین منتقل کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمان سے 8موبائل فونز، کمپیوٹر اور متعدد دستاویزات بھی برآمد کی ہیں۔