اونٹاریو(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے زیراہتمام بے نظیر بھٹو شہید کے 15ویں یوم شہادت پر چوہدری جاوید گجر صدر پی پی پی کینیڈا کے زیر صدرات ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بے نظیر بھٹو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پیپلز پارٹی گجرانوالہ ڈویژن کے صدر اور سابق ایم پی اے آصف بشیر بھاگٹ نے اپنے خطاب میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال، پی پی پی کے سیاسی کردار اور مستقبل پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔
چوہدری جاوید گجر نے اپنے صدارتی خطبہ میں بے نظیر بھٹو کے ویژن پر روشنی ڈالی اور بے نظیر بھٹو کے بارے میں اپنی یادیں شیئر کیں۔
راؤ طاہر جنرل سیکرٹری پی پی پی کینیڈا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان حکومت کو آئینی طور پر عدم اعتماد کے ذریعے ختم کرنا، آرمی چیف کا سر عام ماضی میں سیاسی مداخلت کا اقرار کرنا اور آئندہ فوج کو سیاست سے دور رکھنے کا اعلان جمہوریت اور پیپلز پارٹی کی جیت ہے۔
تقریب سے سابق صدور پی پی پی کینیڈا سلیم جنجوعہ، منصور مرزا، سابق صدر ٹورنٹو لیاقت ملک، بیرسٹر عثمان، لبرل پارٹی کے ابراہیم دانیال، خالد گل، عرفان بابا ملک، صفدر وڑائچ، احسن کھوکھر، مشتاق سومرو اور دوسرے مقررین نے بے نظیر بھٹو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں پی پی پی کینیڈا کے عہدےداران اور کارکنوں کے علاوہ مسلم لیگ ن کینیڈا کے وفد نے کامران ملک اور پیر عدنان بودلہ کی قیادت میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر بے نظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو اور دوسرے شہدا کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔