لندن، ناروے اور متحدہ عرب امارات میں "عشق لاہوتی” کی رونمائی اور زبردست پذیرائی ہوئی
"عشق لاہوتی” کی رونمائی اور پذیرائی لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ میں ہو گی
علمی اور ادبی تنظیموں نے کتا ب "عشق لاہوتی” کی مصنفہ سیدہ کوثرکے استقبال اور کتاب کی رونمائی و پذیرائی کے پروگرام ترتیب دے لئے
دبئی (طاہر منیر طاہر) برطانوی نژاد پاکستانی شاعرہ سیدہ کوثر کی تصنیف "عشق لاہوتی” کی لندن، ناروے اور متحدہ عرب امارات میں رونمائی اور زبردست پذیرائی کے بعد اب پاکستان کے مختلف شہروں لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ میں پروگرام ترتیب دے لئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے متذکرہ شہروں میں مختلف علمی اور ادبی تنظیموں نے کتا ب "عشق لاہوتی” کی مصنفہ سیدہ کوثرکے استقبال اور کتاب کی رونمائی کے پروگرام ترتیب دے کر انہیں پاکستان آنے کی دعوت بھی دے دی ہے۔
سیدہ کوثر آجکل اپنے دوسرے مجموعہ کلام کو ترتیب دے رہی ہیں جو بہت جلد منظرعام پر آجائے گا، گزشتہ سال نومبر 2022 میں سیدہ کوثر کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران ان کی کتاب کی رونمائی بھرپور انداز میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں ہوئی تھی، جبکہ "عشق لاہوتی” کی تقریب پذیرائی شارجہ اور دبئی میں ہوئی۔
ان تقریبات کا اہتمام خواتین کی ایک تنظیم "وزڈم آف وومن” WOW نے شارجہ میں اور پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں کیا تھا۔
اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران سیدہ کوثر نے امارات میں مقیم علمی، ادبی شخصیات اور شاعروں سے ملاقات بھی کی اورعلم و ادب کے بارے سیر حاصل گفتگو کی۔
وقت کم ہونے کے باعث سیدہ کوثرکے اعزاز میں امارات کی علمی ادبی تنظیموں کی طرف سے مشاعروں کا اہتمام نہ ہو سکا ،لہٰذا دورہ پاکستان کے بعد سیدہ کوثرکے اعزاز میں مشاعروں اور "عشق لاہوتی” کی مزید پذیرائی کے پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں جو ابوظہبی، شارجہ اور دبئی میں ہوں گے۔