لندن(رپورٹ:نواز کھرل،عکاسی:سدرہ بھٹی) یوکے لٹریری فورم کے زیراہتمام سٹی ہال لندن میں عہد ساز ادیب ، انسان دوست شخصیت منو بھائی کی یادوں سے مہکتی خوشبودار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں برطانیہ کے سیاسی ، ادبی ، صحافتی اور سماجی حلقوں کی ہردلعزیز اور متحرک و فعال شخصیت محترمہ شگفتہ نسرین کی پرخلوص میزبانی میں ہونے والی اس شاندار تقریب میں اہل قلم اور اہل سیاست نے جناب منو بھائی کی ادبی و صحافتی خدمات کو محبت بھرا خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں مظہر ترمذی ، مشتاق لاشاری ، ایوب اولیاء ، یشب تمنا ، تنویر زمان خان ، اکرم قائم خوانی ، یوسف ابراہیم ، محسن باری ، ابرار میر ، معشوق جتوئی ، سدرہ بھٹی ، رومانہ کوثر ، شہر بانو ، سائرہ الطاف ، ایم اے جاوید ، سیما علی خان ، ذوالفقار علی ، شمائلہ ملک سمیت ادب و سیاست سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے منو بھائی سے جڑی اپنی یادوں کا اظہار کیا ۔
تقریب میں منو بھائی کی مشہور نظمیں احتساب دے چیف کمشنر صاحب بہادر، اوہ وی خوب دیہاڈے سن ، بھکھ لگدی سی کھا لیندے ساں، کی ہویا اے ، کجھ نئیں ہونا پڑھ کر سنائی گئیں ۔
منو بھائی کی کتابوں جنگل اداس ہے، اجے قیامت نئیں آئی، محبت کی ایک سو ایک نظمیں کے علاوہ سندس فا ئونڈیشن کے پلیٹ فارم پر تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے لئے منو بھائی کی مخلصانہ کاوشوں ، معروف فلسطینی شاعر محمود درویش کی نظموں کے تراجم کے حوالے سے اظہار خیال کیا گیا ۔