میڈرڈ (نیوز ڈیسک) ہسپانوی قانون سازوں نے ایسے قانون کی حتمی منظوری دی ہے جس میں خواتین کو ماہواری کے شدید درد کی صورت میں تنخواہ کے ساتھ چھٹی دی جائے گی۔ سپین یہ قانون نافذ کرنے والا یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ قانون 154 کے مقابلے میں 185 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔ ماہواری کی چھٹی فی الحال دنیا بھر میں صرف چند ممالک میں ہی دی جاتی ہے، جن میں جاپان، انڈونیشیا اور زیمبیا شامل ہیں۔
اس قانون کے تحت ماہواری کے درد کا سامنا کرنے والی خواتین کو اتنی چھٹیاں دی جائیں گی جتنی انہیں چاہئیں ہوں گی۔ یہ چھٹی بیماری کی کسی بھی دوسری چھٹی کی طرح ہوگی اور اس کیلئے کسی ڈاکٹر کی اجازت درکار ہوگی تاہم قانون میں چھٹی کی مدت کی وضاحت نہیں کی گئی۔
ہسپانوی گائناکالوجی اینڈ اوبسٹیٹرکس سوسائٹی کے مطابق حیض کے دوران خواتین کا تقریباً ایک تہائی شدید درد کا شکار ہوتا ہے۔