پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ،صدرعارف علوی

0

دبئی (تارکین وطن نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ پاکستان جدت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔صدرپاکستان سے سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ خصوصی ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے تحت ون ونڈو سہولت کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی، سہولت فراہم کرنا ہے، وفاقی حکومت ملک بھر میں عالمی معیار کے ڈیجیٹل اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کیلئے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا قیام عمل میں لائی، سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کو دنیائے ٹیکنالوجی کے نقشے پر لانا ہے۔

صدر مملکت نےکہاکہ ٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل ہو کر اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری سے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، غیر ملکی کمپنیاں مختلف شعبوں بالخصوص ای بزنس میں سرمایہ کاری کریں ،پاکستان میں انٹرنیٹ تک رسائی بڑھانے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

صدر مملکت سے ملاقات کرنے والوں میں موبیئس کیپیٹل پارٹنرز کے بانی مارک موبیئس؛ انتھونی چیونگ ، ڈریگن ٹیک وینچرز مینجمنٹ لمیٹڈ کے بانی شامل تھے ۔

گلیکسی ریسر (ای اسپورٹس) کے شیخ احمد المکتوم اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ماسٹر کارڈ کے ڈویژن صدر خالد الجبیلی نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں بعد ازاں، ماسٹر کارڈ ، گلیکسی ریسر (ای سپورٹس) اور شورق پارٹنرز وی سی فنڈز کے ساتھ پاکستان کی خصوصی ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) کے مابین تین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

گلیکسی ریسر پاکستان میں سب سے بڑے ای سپورٹس ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا،دسمبر میں ہونے والے ای سپورٹس مقابلوں میں ایک لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ہوگی، ماسٹر کارڈ نے پاکستان میں STZA کے ساتھ سٹریٹجک ڈیجیٹل کنٹری شراکت داری پر دستخط کیے۔

معاہدے سے ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو بڑھایا جاسکے گا اور ٹیکنالوجی کے جدید شعبے کو ترقی دی جاسکے گی،ماسٹر کارڈ پاکستان کا پہلا کیش لیس سپیشل ٹیکنالوجی زون تیار کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!