ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے کو آرڈینیٹر شیخ سعید احمد نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999 کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس روز ایک جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر مارشل لاء لگایا گیا جسکی ہمارے آئین میں کسی صورت گنجائش نہیں ہے دنیا میں وہی ممالک آگے بڑھتے ہیں جن کے ہاں آئین کی خود مختاری ہو اور جمہوری ادارے آزاد حیثیت میں کام کر رہے ہوں مگر پاکستان کی اس حوالے سے بدقسمتی رہی ہے کہ پاکستان پر بار بار مارشل لاء لگا کر جہاں آئین کی پامالی کی گئی وہیں ملک کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا اور جمہوریت کی بساط لپیٹ کر اسے کمزور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے 1999 سے قبل بھی ملک کو ایٹمی دھماکے کرکے ناقابلِ تسخیر بنایا وہیں اقتصادی اور معاشی ترقی کا سفر بھی شروع کیا بند پڑی صنعتوں کو بحال کیا اور ملک میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا مگر بارہ اکتوبر کو مارشل لاء لگا کر ایک مرتبہ پھر سے جمہوریت اور ترقی کے سفر کو روک دیا گیا اور ملک پر بدترین مارشل لاء لگایا گیا اور نام نہاد احتسابی عمل شروع کیا گیا جس نے شریف فیملی کو جلا وطن کیا اور میڈیا ٹرائل شروع کیا گیا جسکا سلسلہ آج بھی جاری ہے مگر نواز شریف 1999 کے بعد بھی سرخرو ہوا تھا اور آج بھی وہ سرخرو ہوکر پاکستان کی عوام میں مقبول ترین لیڈر کی صف میں پہلے نمبر پر کھڑا ہے۔
شیخ سعید نے مزید کہا کہ مسلم لیگ جب بھی برسراقتدار آئی اس نے سب سے پہلے عام آدمی کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کیے جس سے ایک عام آدمی، مزدور اور کسان کا معیار زندگی بہتر ہوا ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا اور ملک کو ترقی کی نئی منازل کی جانب بڑھایا گیا مگر مسلم لیگ ن ہمیشہ ملک کو آئین کے تحت چلانے کی پاداش میں سازشوں کا شکار ہوئی مگر ہمارے حوصلے ہمارے لیڈر نوازشریف کی ہمت اور استقامت کی مانند نا صرف بلند ہیں بلکہ ہم پرعزم ہیں کہ مسلم لیگ ن دوبارہ برسر اقتدار آئے گی اور ملک کو درپیش چیلنجز سے باہر نکالے گی۔
شیخ سعید نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیہات میں کسی صورت ملک کی بہتری نہیں ہے یہ ذاتی انتقام کی سیاست اور کرسی کی سیاست کر رہی ہے رہاست مدینہ اور نیا پاکستان کی باتیں محض باتیں ہیں اور حقیقت میں کچھ نہیں ہے زمینی حقائق بہت تلخ ہیں آج ملک کا عام آدمی غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کر رہا ہے مگر حکومت کسی مافیا کی صورت حالات کو کنٹرول کرنے کی بجائے قوم کو کھوکھلی باتوں اور نت نئے جھوٹے وعدوں اور دلاسے دے رہی ہے پاکستان کی بقا آئین کے مطابق ملک کو چلانے اور جمہوریت کی پائیداری میں ہے جس پر عمل کرکے ہی پاکستان کو معاشی استحکام دیا جاسکتا ہے۔