اخوت سویڈن کو تقریباً ایک ملین سویڈش کرونا یعنی پونے تین کروڑ کے عطیات ملے،ڈاکٹر محمود کسانہ
سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) اخوت سویڈن کا سالانہ اجلاس سٹاک ہوم میں میں منعقد ہوا جس کا آغاز عمران کھوکھر کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اخوت سویڈن کے صدر ڈاکٹر محمود کسانہ نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے گزشتہ سال کی کارروائی کی تفصیل پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ بغیر کسی فنڈ ریزنگ کے پروگرام کے اخوت سویڈن کو تقریباً ایک ملین سویڈش کرونا یعنی پونے تین کروڑ کے عطیات ملے۔ عطیات دینے والوں میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مقامی سویڈش لوگ اور دیگر ممالک کے لوگوں بھی شامل ہیں جس سے ان کے اخوت پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔
یہ اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی قیادت اور اخوت فاونڈیشن پاکستان کی شاندار کارکردگی ہے جس کی بدولت لوگ ہم پر اعتماد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی سطح پر بھی فلاحی منصوبے شروع کریں گے۔
اخوت سویڈن کے جنرل سیکرٹری ابرار اکبر نے اجلاس کی کارروائی بہت احسن طریقے سے انجام دی۔ انہوں نے اخوت سویڈن کے کام، تنظیمی طریقہ کار کی وضاحت کی اور اخوت سویڈن کے اراکین کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ اخوت سویڈن کے فنانس سیکرٹری مرزا قیصر محمود نے اخوت کے حسابات کی تفصیل سلائیڈز کی مدد سے پیش کی۔ انہوں حسابات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا تمام رقم پاکستان میں مستحق لوگوں تک اخوت فائونڈیشن کے ذریعے تقسیم کی گئی اور اخوت یونیورسٹی کی تعمیر میں تعاون کیا گیا۔ آڈیٹر عامر سلطان نے کہا کہ میں نے تمام حسابات دیکھے ہیں اور جس انداز سے اخوت سویڈن نے تمام حسابات کو مرتب کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
اخوت کے الیکشن کمشنر شفقت کھٹانہ ایڈووکیٹ نے نئے عہدیداروں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا صدر کے لئے عارف محمود اور جنرل سیکرٹری کے لئے ابرار اکبر دو سال کے لئے منتخب ہوئے تھے جبکہ اگلے سال کے لئے عمران کھوکھر نائب صدر، شہاب قادری جوائنٹ سیکرٹری، مرزا قیصر فنانس سیکرٹری، ثناء یونس سیکرٹری اطلاعات اور بورڈ کے اراکین کے لئے یاسین سلیمی، کہکشاں میاں، ہما ڈار اور فیصل گل منتخب کئے جائیں،اگلے سال کے لئے الیکشن کمیشنر مسعود منہاس اور آڈیٹر عامر سلطان کی تجویز دی۔
اجلاس میں موجود اراکین نے تجویز کی حمایت کی اور تمام عہدیداروں کو منتخب قرار دیا گیا۔ اس موقع پر اخوت بورڈ کے سبکدوش ہونے والے الیکشن کمیشنر شفقت کھٹانہ اور بورڈ اراکین مسعود منہاس اور منزہ لوہسر کو اخوت سویڈن کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔
آخر میں اخوت سویڈن کے صدر عارف کسانہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا بہت جلد نومنتخب بورڈ کا اجلاس منعقد کرکے اگلے سال کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اختتام پر حاضرین کی تواضع کی گئی۔