برن، سوئٹزرلینڈ (عمران مزمل سے) 16 مئی کو سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں پاکستانی کمیونٹی نے "یومِ تشکر” بھرپور قومی جذبے اور وقار کے ساتھ منایا۔ اس پرمسرت موقع پر پاکستان کے سفیر، جناب ڈاکٹر مرغوب سلیم بٹ نے خصوصی خطاب کیا، جس میں انہوں نے بھارت کی بلاجواز جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پاکستانی افواج، خصوصاً فضائیہ کے پیشہ ورانہ اور تحمل مزاج ردعمل کو بھرپور انداز میں سراہا۔
جناب سفیر نے ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل سے نوازے۔
اس تقریب میں سوئٹزرلینڈ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی افراد نے شرکت کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ مقررین نے پاکستان کے ساتھ اپنی گہری وابستگی اور محبت کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر فورم پر وطنِ عزیز کی حمایت جاری رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے وطن کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شہداء کے لیے مغفرت کی دعا کی۔