جامعہ مسجد گلزار مدینہ میگارہ یونان میں عظیم الشان محفل ذکر مصطفیٰؐ کا انعقاد

0

ایتھنز(پرویز احمد مغل سے) عظیم الشان محفل ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد بمقام جامعہ مسجد گلزار مدینہ میگارہ یونان میں ہوا، محفلذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ تلاوت قرآن پاک حافظ امان اللہ امام و خطیب جامعہ مسجد گلزار مدینہ میگارہ نے کی ۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت راجہ محمد زبیر چشتی، محمد نعمان عطاری اور میاں محمد طارق نے پیش کئے۔منقبت حسین علیہ السلام عابد علی نے اپنی خوبصورت آواز میں پڑھی ۔ علامہ محمد مدثر محمود چشتی آف سپین و علامہ محمد شہباز صدیقی آف اٹلی نےخصوصی خطاب کیا ۔ علامہ محمد شہباز صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اخلاق پوری انسانیت کے لیے نمونہ ہیں ۔

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اخلاقِ حسنہ کے پیکر

زندگیاں بیت گئیں اور قلم ٹوٹ گئے
تیرے اوصاف کا ایک باب بھی پورا نہ ہوا

کائناتِ ارض و سماں میں سب سے اعلیٰ و ارفع ہستی محبوب رب کونین سیدالمرسلین، خاتم النبین اور رحمۃ للعالمین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کے اوصاف حمیدہ اور اخلاقِ حسنہ کے بارے میں کچھ لکھتے وقت نہ صرف تنگ داماں کا احساس ہوتا ہے بلکہ ایسا قلم کہاں سے لائیں جو تاجدار کائنات کے اوصاف قلمبند کرسکے ایسے الفاظ کہاں سے ڈھونڈیں جن سے مدحت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حق ادا ہوسکے۔

خوشبو ہے دو عالم میں تیری اے گُل چیدہ
کس منہ سے بیاں ہوں تیرے اوصافِ حمیدہ

آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کہ جن کی شان میں اللہ رب العزت نے سارا قرآن نازل فرمادیا۔ قرآن شانِ محمدی حضور علیہ السلام کے سراپا پُرنور سے لے کر اخلاق و کردار تک آپ کی گفتار سے لے کر اٹھنے، بیٹھنے، کھانے، پینے، چلنے پھرنے کی ایک ایک ادا تک کو قرآن میں اللہ تعالیٰ نے بیان فرمایا ہے۔ سیرت مطہر کو اہل ایمان کے لیے کامل اسوہ حسنہ، خوبصورت ماڈل قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:

لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اﷲِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ.
’’فی الحقیقت تمہارے لیے رسول اﷲ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات) میں نہایت ہی حسین نمونۂِ (حیات) ہے

گویا زندگی گزارنے کا جامع ضابطہ حیات اگر کوئی ہے تو وہ محمد رسول اللہ کی حیات مبارکہ ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کائنات میں نہ کوئی آپ جیسا کامل انسان بنایا ہے نہ بنائے گا کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نبوت و رسالت کی تکمیل ہی نہیں ہوئی بلکہ تمام کمالات انسانی، اوصاف اور اخلاق کی تکمیل بھی بدرجہ اتم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پر ہوچکی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے اپنے اوصاف و کمالات کا ایسا رنگ چڑھایا کہ آپ کو تمام صفاتِ الہٰیہ اور اخلاق الہٰیہ کا مظہر اتم بناکر بھیج دیا اور آپ کے اخلاق کی اس بلندی کی خود اللہ تعالیٰ نے گواہی دے دی اور فرمایا:

وَ اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیْمٍ.
’’اور بے شک آپ عظیم الشان خلق پر قائم ہیں

اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی بعثت کا مقصد ہی اخلاق کی تکمیل قرار دیتے ہوئے فرمایا:

بعثت الیکم لاتمم مکارم الاخلاق.
’’میں اس لیے بھیجا گیا ہوں کہ شریفانہ اخلاق کی تکمیل کروں۔‘‘

اور جب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کی بابت حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا تو انہوں نے فرمایا:

’’آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا آپ کا اخلاق قرآن کریم ہے۔ محفل کے اختتام پر پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گے۔ درود وسلام پڑھا اور ملک پاکستان اور پاک فوج غزہ کے مسلمانوں اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ ۔ محفل کے اختتام پر آنے والے تمام مہمانوں کے لیے کھانے کا اہتمام کیا گیا ۔ محفل کا اہتمام تنظیم گلزار مدینہ رجسٹرڈ میگارہ یونان نے کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]