سٹاک ہوم (رپورٹ:زبیر حسین) بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے سے سویڈن بھی نہ بچ سکا، بھارت کے انتہائی مستند اخبار ٹائمزآف انڈیا کے مطابق سویڈن میں فحاشی کو اسپورٹس کا درجہ دیا گیا ہے اور 8جون کو سویڈن میں اس حوالے سے چیمپئن شپ منعقد ہونی ہے، یہ خبر جھوٹ پر مبنی تھی جو سوشل میڈیا کی زینت بنی اور دنیا بھر میں جھوٹا پروپیگنڈا سر چڑھ کر بولنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق چار جون کو بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا نے ایک خبر شائع کی جس کے مطابق سویڈن میں فحاشی کا ایک ٹورنامنٹ منعقد ہورہا ہے اور سویڈن نے اسے باقاعدہ طور پر اسپورٹس کا درجہ دے دیا ہے۔
دیکھتے ہی دیکھتے یہ جھوٹی خبر آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی جبکہ حقائق کچھ اس طرح سے ہیں کہ دراگن براتچ نامی شخص نے سویڈن میں سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے یہ ڈرامہ رچایا۔
دراگن نے سویڈن کی ٹیکس آفس میں اسپورٹس کے حوالے سے ایک ادارہ رجسٹرڈ کروایا اور بعد ازاں اس ادارے کی مدد سے سویڈن کے نیشنل اسپورٹس کنفیڈریشن میں ممبرشپ حاصل کرنا چاہی تاکہ فحاشی کو بطور کھیل رجسڑڈ کروا سکے، ادارے نے اس کی درخواست کو رد کرتے ہوئے صاف انکار کیا کہ اس طرح کی کوئی چیز کھیل کے زمرے میں نہیں آتی۔
سویڈن کے نیشنل اسپورٹس کنفیڈریشن کی پریس سیکرٹری آنا سیٹزمان نے ایک جرمن جریدے کو اس خبر کے حوالے سے ای میل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے سویڈن ایسا کوئی ٹورنامنٹ منعقد کرنے نہیں جارہا اور نہ ہی سویڈن نے فحاشی کو اسپورٹس کا درجہ دیا ہے۔