میڈرڈ (ویب ڈیسک) دنیا بھر سے روزگار اور تعلیم کے حصول کیلئے اسپین جانے والےغیر ملکیوں کی شہریت اور شادی کے بعد اہلیہ کو بلوانے کے قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اسپین میں اپنے کسی ساتھی کو بلوانے کیلئے کسی بڑی مشکل یا پریشانی کا مسئلہ نہیں تھا۔پہلے ہوتا یہ تھا کہ آپ جب اپنی اہلیہ کو اسپین بلوانا چاہتے تھے تو آپ یہاں پہ صرف اپنی شادی رجسٹرڈ کرنے کے لئے درخواست دیتے تھے اور پھر اس سے متعلق آپ کو ایک نمبر دیا جاتا تھا اور اُسی کی بنیاد پر اور دیگر دستاویزات کے ساتھ اپلائی کرتے تھے اور آپ کو ویزا مل جاتا تھا۔
لیکن اب اسپین حکومت کی طرف سے اس بار بہت بڑی تبدیلی کی گئی ہے جو بہت سے لوگوں پر اثر انداز ہوگی اور اس کی تکمیل کیلئے کافی وقت بھی درکار ہوگا۔اس حوالے سے ایمبیسی نے قوانین اور معیار مکمل طور پہ تبدیل کردیا ہے، اور اگر اب آپ اسپین میں شادی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست دیتے ہیں تو اس کا طریقہ کار بہت پیچیدہ بنادیا گیا ہے۔
دستاویزات کی تصدیق سمیت دیگر امور میں کم سے کم 8 ماہ سے ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے اور بعض نوعیت میں اس سے بھی زیادہ عرصہ ہوسکتا ہے۔
اس تمام کاغذی کارروائی کے بعد جب آپ کو سند نکاح (شادی کا سرٹیفکیٹ) فراہم کیا جاتا ہے اُس کے بعد ہی درخواست گزار اپنی اہلیہ کو بلوانے کیلئے اپلائی کرنے کی اہلیت حاصل کرپائے گا۔