پاکستانی شہری سویڈن کا اسٹوڈنٹ یا رہائشی ویزا حاصل کرنے کیلئے ایتھوپیا میں قائم سویڈن کے سفارتخانے سے رجوع کریں

0

بنکاک، ینگون، ہنوئی، ہو چی منہ سٹی، منیلا، سیبو، جکارتہ، بالی، نوم پینہ، کوالالمپور یا سنگاپور کے سویڈش سفارتخانوں میں ویزا درخواستیں جمع ہوسکیں گی

اسٹاک ہوم (رپورٹ:زبیرحسین) پاکستانی شہری سویڈن کا اسٹوڈنٹ یا رہائشی ویزا حاصل کرنے کےلئے ایتھوپیا میں قائم سویڈن کے سفارتخانے سے رجوع کریں، وزٹ ویزوں کے لئے بنکاک، ینگون، ہنوئی، ہو چی منہ سٹی، منیلا، سیبو، جکارتہ، بالی، نوم پینہ، کوالالمپور یا سنگاپورکے سویڈش سفارتخانوں میں ویزا درخواستیں جمع ہوسکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن میں قرآن سوزی کے واقعات پر پاکستان میں احتجاج کے باعث سویڈن نے اسلام آباد میں قائم اپنا سفارتخانہ بند کردیا تھا،سویڈن کی وزارتِ خارجہ کے نئے اعلامیہ کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد نہ صرف اسلام آباد میں قائم سفارتخانہ غیر معینہ مدت کے لئے بند کیا جارہا بلکہ پاکستان میں موجود سویڈش شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ زیادہ ہجوم، جلسے جلوسوں، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس جانے سے گریز کریں تاکہ ممکنہ دہشت گردی سے بچا جاسکے۔

سویڈش شہریوں کو وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر اپنے پاکستان میں ہونے کے حوالے سے تمام تر معلومات مہیا کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ سویڈش وزارتِ خارجہ کی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی بھی تجویز کی گئی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت نوٹیفکیشن حاصل کئے جاسکیں۔

دوسری جانب پاکستان میں سویڈن کا سفارتخانہ بند ہونے کے باعث ہزاروں طلبہ اور اوورسیز پاکستانیوں کے خاندان اپنی درخواستیں جمع کرنے سے قاصر تھے ،اب ان کے لئے ایک مشکل حل تجویز کیا گیا ہےکہ اسٹوڈنٹس اور رہائشی ویزوں کے لئے پاکستانی شہریوں کو اب ایتھوپیا میں قائم سویڈش سفارتخانے میں درخواستیں جمع کروانی ہوں گی ،جبکہ سویڈن کا وزٹ ویزا حاصل کرنے کے لئے علیحدہ ممالک کی لسٹ جاری کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزٹ ویزہ کی درخواستیں مقرر کردہ ممالک میں 19 جون کےبعد وصول کی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!