سعودی عرب میں حلقہء فکروفن کا اجلاس،کورونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد ادبی محافل کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کورونا وائرس کے ایس او پیز میں نرمی کے بعد ادبی محافل کو دوبارہ سے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کے تنظیمی اجلاس میں عہدیداروں اور ممبران نے شرکت کی اس موقعہ پر صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری کا کہنا تھا کہ حلقہ فکروفن گزشتہ چالیس سالوں سے سعودی عرب میں ادب کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور گزشتہ چار دہائیوں سے فکروفن ادبی ذوق رکھنے والوں کے لئے محافل کو سجاتا آ رہا ہے اور تنظیم کے شعراء کرام کی جانب سے شاعری کی کئی کتب بھی شائع ہوچکی ہیں کورونا وائرس کی شدت کے باعث ادبی محفلیں مانند پڑ گئی تھیں جن کو اب دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ شعروادب کا ذوق رکھنے والے ان سے مستفید ہوسکیں۔

اجلاس میں حلقہء فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز، سجاد چوہدری، قاضی اسحاق میمن، محمد عمران اثر، مخدوم امین تاجر، ڈاکٹر محمود احمد باجوہ، طلحہ ظہیر ،الیاس رحیم، ذکاءاللہ محسن سمیت دیگر نے بھی شرکت کی جنھیں کتب کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔

اجلاس کی پہلی نشست میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، نامور کامیڈین عمر شریف اور سعودی عرب کی ہر دلعزیز پاکستانی شخصیت عقیل قریشی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور انکی خدمات کو خوب سراہا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!