سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن کے زیرِاہتمام یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے آن لائن تقریب

0

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرے،سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد

اسٹاک ہوم(رپورٹ:زبیر حسین)بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے مسلسل محاصرہ ظلم وتشدد اور خوف وہراس کے چار سال گزرنے پر سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن کے زیرِاہتمام یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے آن لائن تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن کی جانب سے یومِ استحصال کشمیر کی آن لائن تقریب میں سویڈن اور فِن لینڈ میں مقیم پاکستانی اورکشمیری کمیونٹی نےبھی حصہ لیا۔

تقریب کے آغاز پر کشمیر کے حوالے سے ڈاکیومینٹری پیش کی گئی ، سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی خصوصی خود مختار حیثیت کویک طرفہ اور غیر قانونی طور پر منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ 5اگست 2019کو ہندوستان کی طرف سے علاقے میں آبادیاتی تبدیلیوں پر پابندیوں کو ہٹانے کی علامت ہے۔

سفیر پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر آواز بلند کرے اور بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے حل کرے۔

تقریب کے شرکا کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پانچ اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی مسلمان کشمیری عوام کے خلاف کھلی دہشت گردی ہے۔ ہم تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

تقریب میں سویڈن کی مقامی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور کشمیر کونسل سویڈن کے عہدیداران بھی شریک تھے،برطانیہ سے بیرسٹر امجد ملک نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری ملی نغمہ پیش کیا گیا جبکہ شہدائے کشمیر کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!