تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت
بھارت کا 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے،سفیر پاکستان
تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے، فیصل نیاز ترمذی
دبئی (طاہر منیر طاہر) پانچ اگست 2019کو ہندوستان کے غیر قانونی اور یکطرفہ فیصلے کے بارے میں پاکستانیوں اور عالمی برادری کی یادوں کو تازہ کرنے کے مقصد اور ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان، ابوظہبی میں "یوم استحقاق” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان کی قیادت کے خصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیرپاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے یوم استحقاق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیصل نیاز ترمذی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے ریاستی سرپرستی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔
تقریب کے دوران IIOJK میں بھارتی مظالم اور زندگی کی عکاسی کرنے والی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔