مانچسٹر:معروف کاروباری وسماجی شخصیت عرفان احمد کی جانب سےپاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

0

مانچسٹر (رپورٹ:وسیم چودھری) پاکستانی کمیونٹی سنٹر مانچسٹر میں پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی مناسبت سے معروف کاروباری اور سماجی شخصیت عرفان احمد کی جانب سے ایک رنگا رنگ اور شاندار موسیقی سے بھر پور تقریب منعقد کی گئی جس میں ممبرز آف پارلیمنٹ میئرز کونسلرز قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر کے علاوہ لارڈ میئر مانچسٹر یاسمین ڈار نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ،تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی نقابت کے فرائض زارا اکبر اور عدیل چوہدری نے خوبصورتی سے نبھائے،تقریب میں پاکستان سے آئے معروف قوال قاری وحید چشتی اور دوسرے مقامی گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگا کر ملی نغموں اور ترانوں سے حاضرین کے دلوں کو خوب گرمایا اور انہیں بنگڑے ڈالنے پر مجبور کردیا ۔ تقریب میں صابرہ ناہید گروپ کے بچوں نے ٹیبلو پیش کر کے شرکا سے خوب داد وصول کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر، ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان، میئر آف ٹیم سائیڈ Tameside کونسلر تفحین شریف ، لارڈ میئر آف مانچسٹر یاسمین ڈار ، لارڈ واجد خان، کاروباری شخصیت چوہدری مسرت علی نے میزبان عرفان احمد کو اتنا بڑا ایونٹ منعقد کرانے پر مبارک باد پیش کی اور تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن بحیثیت پاکستانی ہمیں اپنی تمام سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر ایک قوم بن کر پاکستان کی خدمت کرنی چاہیے اور اسے ملکر آگے لے کر جانا چاہیے۔

جشن آزادی کی اس تقریب میں لارڈ میئر مانچسٹر یاسمین ڈار، قونصل جنرل طارق وزیر، لارڈ واجد خان، ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان ، انڈریو گوئین، میئر آف ٹیم سائیڈ تفحین شریف، ڈاکٹر لیاقت ملک ، مقبول ملک، ہارون کھٹانہ، چوہدری عبدالکریم ، سابق میئر آف مانچسٹر عابد چوہان، چاچا کرکٹ، کمرشل اتاشی قونصلیٹ جنرل مانچسٹر محمد اختر، رضیہ چوہدری، نینہ رانیہ خان ، مقدس مجیداور پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب میں رائفل ٹکٹ کی قراء اندازی کے ذریعے شرکا کو ڈھیر سارے انعامات بھی دیئے گئے ۔

تقریب کے آخر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کار کردگی دکھانے والے افراد کو میڈلز اور ایوارڈ سے نوازا گیا اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!