سفارتخانہ پاکستان کے زیرسرپرستی، گرینڈ پرل جنرل ٹریڈنگ اینڈ کنٹریکٹنگ کمپنی کے زیر اہتمام جشن آزادی کے پروگرام کی تیاریاں مکمل
کویت (محمد عرفان شفیق) کویت اور پاکستان کے 60 سالہ سفارتی تعلقات مکمل ہونے پر سفارتخانہ پاکستان کے زیرسرپرستی، گرینڈ پرل جنرل ٹریڈنگ اینڈ کنٹریکٹنگ کمپنی کے زیر اہتمام جشن آزادی کا پروگرام پاکستانی گلوکاروں کے سنگ 18 اگست کو ترتیب دیا گیا ہے جسکے لیے تمام تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔
پاکستان سے معروف آرٹسٹ یمسہ نور اور شان خان کویت پہنچے ہیں۔ انکے علاوہ معروف اینکر و سینئر جرنلسٹ عاصمہ اقبال، اینکر و ایونٹ پلانر کنسلٹنٹ فہد شاہ اور ایونٹ کوآرڈینیٹر سومیۃ خان بھی کویت آئے ہیں۔
میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے معزز مہمانوں کا کہنا تھا کہ انہیں کویت آ کر بہت اچھا لگا اور وہ کویت میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ گلوکاروں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہو گا جب پاکستان کے تمام صوبوں اور رنگوں کی عکاسی کی جائیگی۔
پروگرام کے آرگنائزر اور گرینڈ پرل جنرل ٹریڈنگ اینڈ کنٹریکٹنگ کمپنی کے سی ای او شمشاد خان تنولی کا کہنا تھا کہ انہیں معزز مہمانوں کا استقبال کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ پروگرام وہ کم و بیش 2 سال سے ترتیب دے رہے تھے۔ پروگرام کی تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور وہ کویت میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک زبردست پروگرام پیش کریں گے جو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
یہ پروگرام امریکن انٹرنیشنل سکول میدان حولی کویت میں جمعہ 18 اگست 2023 کو منعقد کیا جا رہا ہے جس میں معروف پاکستانی سنگرز اردو، پنجابی، سرائیکی اور پشتو زبان میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔