پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں پاکستان کا 76واں یومِ آزادی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا

0

آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم باہر رہ کر بھی اپنے وطن کی شناخت کا ذریعہ بنیں، قونصلر فواد خان

یومِ آزادی خود کو یہ یاد دلانے کاموقع ہے کہ ہمارے خوابوں کو حقیقت بنانے کیلئے ہمارے بزرگوں نے کس قدر قربانیاں پیش کیں، چودھری خالد حسین

مختلف سکولوں کے بچوں نے رنگ رنگ پروگرامز پیش کئے جنہیں لوگوں نے بہت پسند کیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں پاکستان کا 76واں یومِ آزادی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے بورڈ ممبرز عمران اسلم ،عمران رفیق، فراز احمد صدیقی کے علاوہ راجہ سرفراز، زبیر خان، محمد غوث قادری،عبدالوحید پال، سید سلیم اختر، ظہیر احمد، حاجی یسین، عظمان احمد، ملک اسلم، جہانزیب ،خاور، ڈاکٹر محبوب، شہناز خانم، فرزا نہ منصور، سمیرا اور کمیونٹی کی دیگراہم شخصیات نے بھی شرکت کی ، خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

بزرگ شہری، جوان لوگ ، خواتین اور بچے ہاتھوں میں پرچم لئے پاکستانی رنگوں میں ملبوس اپنے وطن سے دور اپنے وطن کی محبت میں جمع تھے۔ اپنے وطن سے محبت کے رنگ ان کے چہروں سے جھلک رہے تھے. کھانے پینے کے سٹال سجے ہوئے تھے۔ ہر طرف پرچموں کی بہار تھی۔

اس تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصلیٹ آف پاکستان سے فواد خان تھے،چوہدری خالد حسین صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے ہمراہ ہال میں تشریف لائے تو پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ صائمہ نقوی کلچرل ہیڈ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ اور سیدہ عیشال زینب نے تمام مہمانوں کا تعارف کروایا اور خوش آمدید کہا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ تلاوت کی سعادت محمد عمران نے حاصل کی۔

متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانوں کو بجا کر یکجہتی کا اظہار کیا گیا، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار احمد نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان سوشل سینٹر کی کمیونٹی کے لئے خدمات سے آگاہ کیا ۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے۔

پامیر پرائیویٹ اسکول اور الاعمال انگلش اسکول کے بچوں نے پر جوش تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے۔ مشہور سنگر زدران اور حسین کے نغموں نے محفل کو دوبالا کر دیا۔ شہزاد نے اپنے خوبصورت مکالمؤں کے ذریعے پاکستان سے دور بسنے والے پردیسیوں کے جذبات کی عکاسی کی۔ طلبہ و طالبات کے درمیان تقریری اور پینٹنگ کا مقابلہ کروایا گیا۔ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ٹائیکونڈو کا مظاہرہ کیا گیا۔

چھ سالہ بچی نورالعین نے حاضرین کو مکمل Periodic Table سنا کر حیران کر دیا۔ چوہدری خالد نے خصوصی طور پر اس بچی کو انعام سے نوازا۔ مہمانِ خصوصی فواد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سوشل سینٹر شارجہ میں آکر اچھا لگتا ہے کیونکہ یہاں کی کمیونٹی کا جوش و جذبہ لائقِ تحسین ہے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم باہر رہ کر بھی اپنے وطن کی شناخت کا ذریعہ بنیں گے اور کبھی اس کا پرچم سرنگوں نہ ہونے دیں گے۔

پروگرام کے آخر میں پاکستان کے 76 ویں جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا ۔ چوہدری خالد حسین نے سب کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یومِ آزادی خود کو یہ یاد دلانے کاموقع ہے کہ ہمارے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لئے ہمارے بزرگوں نے کس قدر قربانیاں پیش کیں۔ صائمہ نقوی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!