سی پیک نے پاکستان کا معاشی منظرنامہ بالکل بدل کر رکھ دیا ہے،پا کستانی سفیر
بی آر آ ئی سے چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کو بھرپور فروغ ملا، چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی
بیجنگ (تارکین وطن نیوز)ایشیا ،افریقہ اور لاطینی امریکہ میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی کامیاب کہانیوں پر مبنی ایک کتاب کا اردو ایڈیشن جاری کیا گیا ہے۔اس حوالے سے چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیراہتمام ایک تقریب بیجنگ میں منعقد ہوئی۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق تقریب میں چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق ، چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے اعلیٰ حکام اور متعدد ممالک کے صحافیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ کتاب میں ساٹھ سے زائد کہانیاں عالمی ترقی میں چین کے نمایاں کردار کو اجاگر کرتی ہیں۔ یہ کتاب چینی صدر شی جن پھنگ کے بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر پر عمل درآمد کی عمدہ عکاسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کتاب ایک ایسے موزوں وقت پر شائع کی گئی ہے جب بی آر آئی اور سی پیک کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
سی پیک نے پاکستان کا معاشی منظرنامہ بالکل بدل کر رکھ دیا ہے اور بنیادی ڈھانچےکی ترقی ،توانائی کی طلب کو پورا کرنے اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو چاو ہوئی نے کہا کہ اس کتاب کی مدد سے دنیا کو بی آر آئی کی روشنی میں چین کے ترقیاتی فلسفے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال بی آر آئی کی دسویں سالگرہ ہے، تاحال 180 سے زائد ممالک اور خطوں نے بی آر آئی کی حمایت کی ہے جبکہ دنیا بھر میں تین ہزار منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ لیو چاو ہوئی نے مزید کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کو بھرپور فروغ ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو عالمی ترقیاتی مسائل کے حل میں انتہائی معاون ہے۔
جی ڈی آئی اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے مطابقت رکھتا ہے جس کے باعث اسے دنیا بھر میں نمایاں پزیرائی ملی ہے۔تقریب سے کتاب کے پبلشر علی کھر اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور پاکستان سمیت دنیا میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت حاصل شدہ ثمرات کو سراہا۔