بیجنگ (ویب ڈیسک) گزشتہ ماہ کے آخر میں چین اور برازیل کے درمیان ایک تجارتی لین دین امریکی ڈالر کے بجائے مکمل طور پر چینی کرنسی میں کیا گیا ۔
یہ لین دین چین اور برازیل کی تجارت کی تاریخ میں پہلی بار ہے جس میں آر ایم بی سے حساب کتاب، آر ایم بی میں سیٹلمنٹ، آر ایم بی میں فنانسنگ اور آر ایم بی کے براہ راست تبادلے سے مکمل طور پر کلوز لوپ آپریشن کو انجام دیا گیا۔
منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق برازیل میں چینی بینک فعال طور پر برازیل کے کاروباری اداروں کو بیرون ملک آر ایم بی ادائیگی اکاؤنٹس کھولنے ، چینی درآمد کنندگان کی جانب سے آر ایم بی میں ادائیگی کو قبول کرنے ، اور چین سے مشینری اور سامان جیسے پیداواری مواد درآمد کرنے کے لئے آر ایم بی کا استعمال کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔
ایک ہی وقت میں، چینی بینک مقامی کاروباری اداروں کی طرف سے آر ایم بی کی آگاہی اور قبولیت میں اضافہ کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں کی مقامی کرنسیوں کے ذریعے ادائیگی کے لئے دونوں ملکوں کے زیادہ سے زیادہ صنعتی و کاروباری اداروں کو جوڑنے کے لئے کوشاں ہیں۔