نواز شریف کی وطن واپسی پر تاریخی استقبال نے ثابت کردیا کہ وہ آج بھی کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں، شمع بٹ
انہوں نے انتقام نہ لینے کی بات کرکے ثابت کیا کہ وہ ان سیاستدانوں کی طرح نہیں جو طاقت ملنے کے بعد انتقام کی آگ میں اندھے ہوجاتے ہیں
نواز شریف کی آمد پرلاکھوں لوگوں نے ان کا استقبال کرکے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے حقیقی لیڈروہی ہیں
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) خواتین ونگ پرتگال کی صدر شمع بٹ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کے تاریخی استقبال نے ثابت کردیا ہے کہ آج بھی میاں نواز شریف پاکستان کے کروڑوں لوگوں کے دل کی دھڑکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے وطن واپسی پر مینار پاکستان پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جو کہا وہ تاریخی تھا، انہوں نے ایک مدبر سیاستدان کے طور پر انتقام نہ لینے کی بات کرکے ثابت کیا کہ وہ ان سیاستدانوں کی طرح نہیں ہیں جو طاقت ملنے کے بعد انتقام لینے میں اندھے ہوجاتے ہیں۔
شمع بٹ نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کی ترقی اور معیشت کو سنبھالنے کی بات کی جو قابل ستائش ہے انہوں نے عمران خان کی طرح کسی کو گالی اور دھمکی نہیں دی بلکہ ملک کو مضبوط بنانے کی بات کی ان کی آمد پر لاکھوں لوگوں نے ان کا استقبال کرکے ثابت کیا کہ پاکستان کا حقیقی لیڈر صرف نواز شریف ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ساڑھے تین سال تک عمران نے ججوں اور جرنیلوں کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں لیکن اس کے باوجود نواز شریف کی مقبولیت میں کمی نہیں آسکی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ غیر جمہوری طریقے سے نواز شریف کو عوام کی دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔
اب نواز شریف وطن واپس آگئے ہیں اب ملک ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہوگا اور پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا عمران نے تو ملکی ادارے تباہ کردیئے تھے معیشت کا بیڑا غرق کیا تھا مگر اب نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔