فلسطین جنگ متاثرین کیلئے ملائشیا کی غیرسرکاری تنظیموں کا تیار کردہ امدادی سامان روانگی کیلئے تیار

0

ملائشین عوام فلسطینی متاثرین کی امداد کی آڑ میں بہروپیوں سے خبردار رہیں، داتو ڈاکٹر محمد نعیم مختار

کوالالمپور (محمد وقار خان) ملائشیا کی طرف سے اسرائیلی مظالم کے شکار فلسطینی بھائیوں کے حق میں بھرپور مظاہروں کے ساتھ ساتھ جنگ کے مصائب سے متاثر فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ہر سطح پر ہمہ جہتی کوششیں جاری ہیں ۔

فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات میں ، ملائشیا نے 50ٹن خوراک و اشیاے ضروریہ کی امداد کا بندوبست کیا ہے جو آئندہ کچھ دنوں تک فلسطینی ضرورت مندوں کو تقسیم کی جائیگی ۔

امداد کی کل مالیت کا تخمینہ 17ملین رنگٹ (تقریباً 1 ارب 2 کروڑ روپے) لگایا گیا ہے ۔مذہبی امور کے وزیر داتو ڈاکٹر محمد نعیم مختار نے کہا کہ مصر کے راستے فلسطین بھیجی جانے والی امدادی اشیاء میں ادویات ، کپڑے ، خیمے ، بچوں کی ضروری اشیاء جیسا کہ ڈائپرز ، گرم کپڑے ، کھلونے ، کمبل اور خوراک شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر بھیجی جانے والی اس امداد کے انتظام میں کئی غیر سرکاری تنظیموں نے اپنا اپنا کردار ادا کیا ، جن میں کنسلٹیٹو کونسل آف اسلامک آرگنائزیشنز ملائشیا (MAPIM) اور گلوبل پیس مشن (GPM) ملائشیا نمایاں ہیں ، ڈاکٹر محمد نعیم نے ملائشین فلاحی تنظیموں ، اور ملائشین عوام کے جذبہء انسانی ہمدردی کو سراہا اور کہا کہ اس امدادی سامان کی روانگی کا سلسلہ اسکے بعد بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے مذید کہا کہ ہماری اللہ سے دعا ہے کہ فلسطین میں جلد از جلد امن قائم ہو ۔دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ غزہ میں مظالم کا شکار فلسطینیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حفاظت اور نگہداشت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں اور ساتھ ساتھ دعائیں بھی جاری رکھیں ۔

اس دوران انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ فلسطین کے لاچار افراد کی امداد کی آڑ میں بہروپیے لوگ اپنے ذاتی مفادات کے لیے چندہ اکٹھا نہ کریں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!