حکومت پنجاب سرکاری سکولوں کی نجکاری کے مذموم فیصلے سے باز رہے، چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل
لندن(نمائندہ خصوصی) چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اوورسیز کمیونٹی پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں کی نجکاری اور پنشن اور دیگر مالیاتی سہولیات چھیننے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ہم اوورسیز کمیونٹی سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور ملازمین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور پنجاب حکومت کے اس ظالما نہ پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔دنیا بھر کے لوگ کسی بھی تعلیمی ادارے کے تدریسی اداروں کی عزت و تکریم کرتے ہیں جبکہ پر امن احتجاج کرنے پر اساتذہ پر پنجاب پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کیا گیا اور گرفتاریاں بھی کی گئیں جو ان اساتذہ کی بے عزتی اور زیادتی ہے جنہوں نے پاکستان کی اعلیٰ آبادی کو تعلیم دی جس میں اب حاضر سروس پولیس افسران بھی شامل ہیں۔
عدلیہ، اعلیٰ بیوروکریٹس، سیاست دان، اعلیٰ تاجر اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی۔سیاست دان اور اعلیٰ بیوروکریسٹ لاکھوں روپے میں TA/DA وغیرہ کے ساتھ پرتعیش غیر ملکی دوروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور پھر بھی وہ اپنے اخراجات کو کم کرنا نہیں چاہتے لیکن تعلیمی اداروں کے عملے کی پنشن وغیرہ چھیننا چاہتے ہیں۔
سرکاری اسکولوں کی نجکاری کرنے سے متوسط اور غریب طبقے کے خاندان اپنے بچوں کو اسکولوں میں پرائیویٹائز کرنے کے متحمل نہیں ہوں گے کیونکہ غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہے اور یہ لوگ پہلے ہی حالیہ مہنگائی سے بچنے کے لیے بہت مشکل سے گزر رہے ہیں۔
اساتذہ کو سڑکوں پر اور حوالاتوں میں قید ہوتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے قوم کے معماروں کے ساتھ یہ سلوک کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔ راجہ سکندر نے کہا کہ سرکاری سکولز ختم کرنے اور محکمہ تعلیم کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے کی پنجاب حکومت کی ظالما نہ پالیسی اور اس کے خلاف اساتذہ کرام کے جاری احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔
جو قوم اپنے اساتذہ کی قدر اور عزت نہیں کرتی ذلت اس کا مقدر ہوتی ہے،آج اپنے اساتذہ اور مائوں ،بہنوں کو سڑکوں پر دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اوورسیز کمیونٹی حکومت پنجاب سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سرکاری سکولوں کی نجکاری اور تعلیمی اداروں سے پنشن اور دیگر مراعات چھیننے کے اس مذموم فیصلے سے باز رہے اور تمام گرفتار اساتذہ کو رہا کرے۔