جرمنی کے صنعتی شہر اور یورپ کے ٹریڈ میٹروپول سینٹر فرینکفرٹ میں ہائم ٹیکسٹائل کی عالمی نمائش اختتام پذیر

0

فرینکفرٹ (رپورٹ:مطیع اللہ) جرمنی کے صنعتی شہر اور یورپ کے ٹریڈ میٹروپول سینٹر فرینکفرٹ میں ہائم ٹیکسٹائل کی عالمی نمائش ختم ہوگئی ،نمائش میں پاکستان سمیت ساٹھ 60 ملکوں کے دو ہزارآٹھ سو سے زائد نمائش کنندگان نے حصہ لیا۔

فرینکفرٹ میں منعقد ہونے والی عالمی ہائم ٹیکسٹائل نمائش پاکستان کے لئے اس لحاظ سے اہم رہی کہ حکومت کی طرف سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو دئیے خصوصی رعایتی پیکیج کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات کو بہت پذیرائی ملی ہے، اور نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیو ں کے برآمدی آرڈرز میں بلاشبہ کافی اضافہ ہوا جو کہ پاکستانی تاجروں کی بڑی کامیابی ہے۔

ہائیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستان کے پولانی ٹیکسٹائل سمیت درجنوں ٹیکسٹائل ملز مصنوعات کی نمائش پیش کی گئی، اس نمائش سے پاکستان بھر کے ٹیکسٹائل ملز کو کام کرنے کے مختلف مواقع میسر آئے، مختلف برانڈز نے پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ان آرڈرز کی ڈیلیوری سے پاکستان کی برآمدات میں اضافے کےساتھ ساتھ پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا۔

سفیر پاکستان ثقلین سیدہ کی قیادت میں قونصل جنرل زاہد حسین اور کمرشل قونصلر آمنہ نعیم نے پاکستان کے اسٹالوں کا دورہ کیا اور تاجروں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کو فرینکفرٹ میں درپیش مختلف مسائل پر بات چیت کی اور اس کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

نمائش میں حصہ لینے والے تاجروں نے قونصل جنرل زاہد حسین اور کمرشل قونصلر آمنہ نعیم کی طرف سے تاجروں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔چار روز تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں مصنوعات کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سےایک سو سینتیس ملکوں کے پینسٹھ ہزار سے زیادہ فراد نے فرینکفرٹ میں میلے کا رخ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!