اوورسیز پاکستانی صحافیوں کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کا آن لائن اجلاس

0

ریاض (وقار نسیم وامق) بیرون ممالک مقیم پاکستانی صحافیوں کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کا آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تنظیم کے عہدیداروں نے شرکت کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی صحافیوں کے درمیان باہمی روابط کو بڑھانے کے حوالے سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس فعال اور متحرک کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ دنیا کے تمام ممالک میں مقیم پاکستانی صحافی تجربات کا تبادلہ کرنے سمیت پاکستان اور دنیا بھر کے ممالک کے درمیان دوطرفہ مراسم کو میڈیا کے ذریعے مزید مستحکم اور دیرپا بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

آن لائن منعقد ہونے والے اجلاس میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے چیئرمین وسیم چوہدری ( انگلینڈ ) صدر شاہد چوہان ( ساوتھ افریقہ ) جنرل سیکرٹری مہوش ظفر ( جرمنی ) ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ عمران ( سویڈن ) وسیم بٹ فنانس سیکرٹری ( آئرلینڈ ) نائب صدر شاہد گھمن ( روس ) نائب صدر کرن خان( انگلینڈ ) انفارمیشن سیکرٹری ذکاءاللہ محسن ( سعودی عرب ) اور اویس تاج چوہدری ( ملائشیا) نے شرکت کی۔

اس موقعہ پر تنظیم کے عہدیداروں نے گزشتہ تین سال کے دوران تنظیمی امور کا جائزہ لیا اور کہا کہ IAPJ نے اپنے قیام کے پہلے روز سے لیکر آج تک دنیا بھر سے ورکنگ جرنلسٹس کو جمع کیا اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جس نے اپنی منفرد پہچان بنائی اور صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے توانا آواز بنے اور مختلف آن لائن کانفرنسز کے ذریعے پاکستان سے سیاسی،سماجی اور ادبی شخصیات کو مدعو کیا اور ان سے حالات حاضرہ سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی جس سے پاکستان میں بسنے والی اہم شخصیات کو ادراک ہوا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی صحافی کس قدر دلجمعی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کیے ہوئے ہیں اور اسی کے ساتھ ساتھ مسلہ کشمیر کے حوالے سے بھی ویبنار منعقد کیے گئے اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی آواز بنے۔

اس موقعہ پر تنظیم کے چیئرمین وسیم چوہدری اور صدر شاہد چوہان کا کہنا تھا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافی IAPJ کی پہچان بنے اور انہوں نے تنظیمی امور کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا آج کا اجلاس اپنے عزم کو مزید تقویت دینے کے لئے منعقد کیا ہے کہ ہم مزید جوش وخروش کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور دنیا بھر میں صحافتی امور کو فروغ دینے سمیت پاکستان میں صحافتی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ ملکر پاکستان کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے ۔

IAPJ کی جنرل سیکرٹری مہوش ظفر اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ عمران اور فنانس سیکرٹری وسیم بٹ نے عہدیداروں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ ہم مزید نئے صحافیوں کو تنظیم کا حصہ بنائیں گے اور اپنے منشور کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں گے تاکہ IAPJ بین الاقوامی طور پر مزہد فروغ پائے اور ایک بہتر انداز کے ساتھ صحافتی امور آگے بڑھیں۔

انفارمیشن سیکرٹری ذکاءاللہ محسن اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اویس تاج کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر پاکستانی صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان ان کی کارکردگی کو سراہے اور تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ امور کو انجام دے سکیں کیونکہ بیرون ممالک رہتے ہوئے صحافی بے لوث ہوکر جہاں زرمبادلہ کی صورت میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہیں مثبت صحافت کے ذریعے دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنے سمیت اپنے ملک کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں کرداد ادا کر رہے ہیں۔

اجلاس میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے عہدیداروں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی صحافیوں کے لئے گراں قدر خدمات کو سراہا اور کہا کہ جس انداز سے محسن نقوی پنجاب بھر میں صحافیوں کے حقوق دلانے اور صحافتی کالونیاں بنا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔اجلاس میں ایک قراداد بھی پیش کی گئی جس پر اتفاق کیا گیا کہ تنظیمی الیکشن چھ ماہ بعد منعقد کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!