سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں یوم یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد

0

پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھاتا رہے گا، سفیر پاکستان

پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا

تقریب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بنائی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی

دبئی (طاہر منیر طاہر) سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں یکجہتیِ کشمیر 2024 کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے متعدد افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کوششوں کو سراہا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھاتا رہے گا اور عالمی رہنماؤں کی توجہ کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کراتا رہے گا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

اس موقع پرکشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر اپنے جذبات کا اظہار کیا، معصوم شہریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بنائی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!